ایودھیا کی مضافاتی مسجد میں ایک نوجوان کا قتل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-22

ایودھیا کی مضافاتی مسجد میں ایک نوجوان کا قتل

اجودھیا شہر کے مضافات میں واقع حضرت شیث علیہ السلام کی مزار پر گزشتہ شام شر پسندوں نے توڑ پھوڑ اور قریب ہی واقع جناتی مسجد میں ایک نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے سنسنی پھیلا دی۔ 20دسمبر کو مغرب کی نماز کے بعد پیش آنے والے اس واقعہ سے کشیدگی پھیل گئی اور ضلع انتظامیہ فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ اطلاع کے مطابق نا معلوم شر پسندوں نے حضرت شیث کے مزار کی جالیوں کی توڑ پھوڑ دیا اور قریب کی جناتی مسجد میں ذیشان نام کے نوجوان کو ہینڈ پمپ کے راڈ سے حملہ کرکے مار ڈالا۔ ذیشان اجودھیا کے ایک کالج میں بی ایس سی ( ایگریکلچر) کا طالب علم تھا ، وہ مسجد میں ہی رہتا تھا ۔ اطلاع کے مطابق واردات کے وقت ذیشان نے مسجد کا مائک چالو کرکے یا اللہ کی ندا بھی دی، لیکن جب تک لوگ پہنتے، حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر آسانی سے بھا گ نکلے۔خبر ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ وپن کمار دیویدی، سینئر پولیس کپتان کے پی سنگھ پولیس فورس اور انتظامیہ کے دیگر اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ انتظامی عملہ پوری رات اور ہفتہ کو پورے دن موقع پر موجود رہا ، درگاہ کی مرمت کرائی گئی۔ ڈاگ اسکواڈ طلب کیا گیا اور فورنسک ٹیم اور فنگر پرنٹ ماہرین نے جائے واردات کا معائنہ کیا۔ فی الحال اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور کوئی گرفتاری نہیں ہوپائی ہے۔ مقامی مسلمانوں کے مطابق ماحول خراب کرنے کے مقصد سے یہ واردات انجام دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واردات کے بعد درگاہ کی مرمت کرکے فی الحال حالات کو سنبھال لیا ہے لیکن اگر حملہ آوراں اور قاتلوں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو شر پسندوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور اجودھیا کے نام پر حالات کو پراگندہ کرنے کی مزید حرکتوں کے اندیشہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ مقتول نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے آبائی وطن سہسرام ( بہار ) بھیج دی گئی ہے۔ اہل خانہ کے لئے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ۵ لاکھ روپے کی مدد کا اعلان کیا ہے۔ حضرت شیث علیہ السلام کی مزار اجودھیا کے جنوبی سمت میں شہر سے ایک کلو میٹر دور باغ بدیسی ( منی پربت) علاقہ میں واقع ہے، یہاں دیگر قبریں بھی ہیں اور قریب میں ہی جناتی مسجد ہے۔ یہ سنسان علاقہ ہے، دو کلو میٹر دور ہیبت پور گاؤں واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق شر پسند عناصر مغرب کے نماز کے بعد پیغمبر کی درگاہ پر پہونچے اور وہاں توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ہی دیگر مقابر کو بھی نقصان پہونچایا ، جالیوں کو توڑ دیا ۔

murder in suburban mosque of Ayodhya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں