غریب خاندانوں کو مفت برقی سربراہی کا منصوبہ - حکومت آندھرا پردیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-26

غریب خاندانوں کو مفت برقی سربراہی کا منصوبہ - حکومت آندھرا پردیش

حیدرآباد۔
(اعتماد نیوز)
آندھراپردیش میں تمام تر مواضعات کو برقیانے کا کام 100 فیصدی مکمل ہوچکا ہے، مزید دور دراز ایجنسی علاقوں اور قبائلی علاقوں میں بھی 100 فیصد برقی پہنچانے اور سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے "بی پی ایل" خاندان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کا ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ان کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں ایک تفصیلی رپورٹس وزارت توانائی حکومت کو داخل کرچکی ہے۔ ایکشن پلان کے تحت ریاست کے 17 اضلاع میں راجیو گاندھی گرامین ودیوتھ کرن یوجنا( آر جی جی وی وائی) کے ذریعہ 12ویں پنچسالہ منصوبہ کے تحت برقیانے کے کام انجام دئیے جائیں گے۔ اس ایکشن پلان پر 666 کروڑ روپئے کاتخمینہ لگایا گیاہے، اس اسکیم کے تحت تمام بی پی ایل خاندانوں کو مفت برقی کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی اس اسکیم کے تحت ہر برقی کے بی پی ایل کنکشن پر حکومت 3ہزار روپئے خرچ آئے گا۔ اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کیلئے چیف سکریٹری کی نگرانی میں باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد ہوں گے۔ چیف سکریٹری نے ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے بتایاکہ مرکزی حکومت کی اس اسکیم کے ذریعہ 666 کروڑ روپئے کی لاگت سے 17اضلاع کے 14670 مواضعات میں تقریباً 10.25 لاکھ استفادہ کنندگان کو فائدہ ہوگا۔ ان اضلاع میں عادل آباد، نظام آباد، کھمم، کریم نگر، ورنگل، رنگاریڈی، نلگنڈہ، میدک، محبوب نگر، کرنول، اننت پور، کڑپہ، چتور، نیلور، پرکاشم، کرشنا اور گنٹور شامل ہیں۔ مختلف برقی کمپنیوں کو اس پراجکٹ پر عمل آوری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کو ہر برقی کنکشن پر حکومت کی جانب سے برقی کمپنیوں کو 3ہزار روپئے دئیے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے برقی کمپنیوں کو زوردیا کہ وہ اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری میں اہم رول ادا کریں۔ چیف سکریٹری نے بتایاکہ اس اسکیم کی کارردگی، کوالٹی کنٹرول، برقی سب اسٹیشنوں کیلئے اراضیات کاالاٹمنٹ، جنگلات، ریلوے اور سیفٹی کلیرنس جیسے مسائل کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ حکومت ہند نے اس اسکیم کو 12ویں اور 13ویں پنچ سالہ منصوبہ میں شامل کیا ہے۔

free electricity to poor families AP govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں