مودی کو کلین چٹ کے خلاف ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-27

مودی کو کلین چٹ کے خلاف ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد

چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو راحت دیتے ہوئے ایک میٹرو پولٹین عدالت نے سابق کانگریس رکن پارلیمنٹ کی بیوہ ذکیہ جعفری کی جانب سے داخل کردہ احتجاجی درخواست کو مسترد کر دیا۔
یہ درخواست خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی کی جانب سے 2002ء کے گجرات فسادات میں مودی اور دیگر کو کلین چٹ دئیے جانے کے خلاف داخل کی گئی تھی۔ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ بی جے گانترا نے کھلی عدالت میں فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے ذکیہ کے وکیل میہر دیسائی سے کہا کہ ان کی موکلہ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے اور انہیں اعلیٰ عدالت سے رجوع ہونے کی آزادی ہے۔
ذکیہ جعفری کے شوہر احسان جعفری گلبرگ سوسائٹی قتل عام کے 68 مہلوکین میں شامل تھے، جنہیں فسادی جنونیوں نے ہلاک کیا۔ ذکیہ نے سپریم کورٹ کی مقرر کردہ ایس آئی ٹی کی جانب سے مودی و دیگر کو اس واقعہ میں کلین چٹ دینے کے خلاف اعتراض کرتے ہوئے 15/ اپریل کو یہ احتجاجی درخواست داخل کی تھی۔
آج فیصلے سنائے جانے کے وقت 74 سالہ ذکیہ عدالت میں موجود تھیں۔ جب فیصلہ سنایا گیا تو ضعیف خاتون برداشت نہ کرسکیں اور بے اختیار رو پڑیں۔ تاہم انہوں نے پر عزم لہجہ میں کہا کہ وہ اس کے خلاف اندرون ایک ماہ اعلیٰ عدالت میں اپیل کریں گی۔
ایس آئی ٹی کے وکیل آر ایس جمور نے کہا کہ ایس آئی ٹی کی سفارشات کو قبول کرنے میں احتجاجی درخواست واحد رکاوٹ تھی۔ اب جب کہ عدالت میں اسے مسترد کر دیا گیا تو یقیناً ایس آئی ٹی کی رپورٹ قبول کر لی گئی ۔ چنانچہ ایس آئی ٹی کی دیانتداری اور غیر جانبداری پر عدالتی مہر لگ چکی ہے۔
ذکیہ کی شکایت پر تحقیقات کی تکمیل کرتے ہوئے ایس آئی ٹی نے گذشتہ سال 8فروری کو اپنی قطعی رپورٹ پیش کی تھی جس میں تحقیقات کا یہ نتیجہ پیش کیا کہ ثبوت و شواہد جمع کرنے میں دشواریوں اور رکاوٹوں کے باوجود جو کچھ مواد ایس آئی ٹی نے جمع کیا ہے، اس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ فسادات کی سازش رچنے کا جن لوگوں پر الزام لگایا گیا ہے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کافی ثبوت موجود نہیں ہے۔
ذکیہ نے اس کے خلاف اپیل کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا اور مودی کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کی ہدایت دینے عدالت سے درخواست کی تھی۔

دریں اثنا چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے احمد آباد کی عدالت کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سچ ہی جیتتا ہے۔ مودی نے ٹویٹر پر فیصلہ پر ستیہ میو جیتے، (سچ ہی جیتتا ہے) کہتے ہوئے ردعمل ظاہر کیا۔
اس دوران حکومت گجرات نے آج مجسٹریٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے سچ اور انصاف کے تعلق سے تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے۔ حکومت گجرات کے ترجمان نتن پٹیل اور سوربھ پٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ ہم فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نریندر مودی کو عدلیہ نے مکمل کلین چٹ دی ہے۔ عدالت نے ایس آئی ٹی کی رپورٹ قبول کرلی ہے۔ یہ سچائی اور انصاف کے تعلق سے تاریخی فیصلہ ہے۔

گجرات فسادات کے کیس میں احمدآباد کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی جانب سے نریندر مودی کو کلین چٹ دئے جانے پر کانگریس نے کہا کہ بی جے پی کو زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت کے فیصلہ کے یہ معنی نہیں ہیں کہ مودی بےقصور ہیں۔ اس کیس میں مزید قانونی کاروائی کی گنجائش موجود ہے۔ درخواست گذار نے خود اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ عدالت عالیہ میں اس فیصلہ کو چیلنج کیا جائے گا۔ کانگریس ترجمان ابھیشنک سنگھوی نے دہلی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ذکیہ جعفری کے کیس کا تعلق ہے ، فساد کے اس کیس میں ننگِ انسانیت وحشت ناک مظالم ڈھائے گئے ہیں ، اس بھیانک فساد میں انسانی جانوں کا جو اتلاف ہوا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی ، جہاں تک مودی کا تعلق ہے تو صرف مجسٹریٹ نے انہیں کلین چٹ دی ہے۔ اس فیصلہ کے خلاف عدالتِ عالیہ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے لہذا بی جے پی کو زیادہ خوشیاں منانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مرکزی وزیر کپل سبل نے اس فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحت کی عدالت کے دائرۂ اختیار سے باہر بھی انصاف رسائی ممکن ہے۔

Zakia's plea against clean chit to Modi rejected

1 تبصرہ:

  1. حق بات پر کوڑے اور زنداں
    باطل کے شکنجہ میں ھے یہ جاں
    انساں ہیں کہ سہمے بیٹھے ہیں
    خونخوار درندے ہیں رخساں

    ایے میرے وطن کے فنکارو
    ظلمت پہ نا اپنا فن وارو
    یہ محل سراوں کے واسی
    قاتل ہیں سبھی اپنے یارو
    ورثہ میں ہمیں یہ غم ھے ملا
    اس غم کو نیا کیا لکھنا

    جواب دیںحذف کریں