شہباز شریف کا دورہ ہند - منموہن سنگھ کو دورہ پاکستان کی دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-13

شہباز شریف کا دورہ ہند - منموہن سنگھ کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم منموہن سنگھ کو آج ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی جانب سے اس ملک کے دورے کیلئے رسمی طورپر مدعو کیا گیا ہے اور اس دعوت کو انہوں نے قبول کرلیا ہے۔ نواز شریف کے خصوصی معاون طارق فاطمی نے منموہن سنگھ کو یہ دعوت نامہ دیا۔ یہ دعوت نامہ اس وقت بھیجا گیا جب نواز شریف کے بھائی نے ان کے ساتھ ملاقات کی۔ شہباز شریف نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستانی وزیراعظم کا خیرسگالی پیام منموہن سنگھ کو حوالے کیاگیا۔ ان کے ردعمل کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ منموہن سنگھ نے دعوت قبول کرلی ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج لائن آف کنٹرول پر حالیہ گڑ بڑ پر ہندوستان کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جب پاکستانی پنجاب صوبہ کے چیف منسٹر اور وزیراعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے ان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے یہ بات بتائی۔ جنہوں نے تمام مسائل بشمول دہشت گردی اور کشمیر کو پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے اور ماضی کے بوجھ کو پیچھے چھوڑ دینے پر زوردیا۔ شہباز شریف جوحکمراں پاکستان مسلم لیگ میں نمبر دو کی حیثیت رکھتے ہیں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مسائل کی یکسوئی میں جنگ کوئی راستہ نہیں ہے۔ شہباز شریف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ منموہن سنگھ نے حالیہ مہینوں میں ایل او سی پر گڑ بڑ کا تذکرہ کیا۔

آئی اے این ایس کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے "نواز شریف کا ایک خیر سگالی پیام بھی منموہن سنگھ کے حوالہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور علاقائی امن کے مفاد میں ہندوستان کے ساتھ دوستانہ اور معاون تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے"۔ شہباز شریف نے تمام مسائل کے پرامن تصفیہ کیلئے ہند۔ پاک بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر بھی زوردیا۔ یہ ملاقات، پرخلوص، خوش آئند اور تعمیری انداز میں ہوئی۔ دورہ کنندہ قائد کے ساتھ وزیراعظم پاکستان کے مددگار خصوصی طارق فاطمی، منسٹر آف اسٹیٹ برائے تجارت خرم دستگیر خان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہودخان و نیز سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر برائے ہند سلمان بشیر بھی تھے۔ شہباز شریف، چیف منسٹر ریاست پنجاب پرکاش سنگھ بادل کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ وہ مرکزی وزیر تجارت و صنعت آنند شرما سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ شنبہ 14 دسمبر کو شہباز شریف، لدھیانہ میں عالمی کبڈی چمپئن شپ فائنل میاچ کابحیثیت مہمان خصوصی مشاہدہ کریں گے۔

Nawaz Sharif sends formal invite to Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں