سونیا گاندھی کی سالگرہ پر سیما آندھرا میں یوم دغابازی منایا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-10

سونیا گاندھی کی سالگرہ پر سیما آندھرا میں یوم دغابازی منایا گیا

متحدہ آندھراپردیش کیلئے اپنی جدوجہد میں شدت پیدا کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹیوں نے جن میں متحدہ آندھراپردیش حامیوں کی بڑی تعداد شامل ہے، آج سونیا گاندھی کی سالگرہ بطور یوم دغا بازی منائی۔ واضح ہوکہ آج صدر کانگریس سونیا گاندھی کی 67 ویں سالگرہ تھی۔ سمیکھیہ آندھرا پری رکھشنا سمیتی نے اس کی اپیل کی تھی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع اے پی این جی اوز اسوسی ایشن ک یصدر ایشور راؤ نے بتایاکہ سال 2009ء میں آج ہی کے دن اس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے تشکیل تلنگانہ کے فیصلہ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ ہم وشاکھاپٹنم پورٹ ٹرسٹ اور وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی ٹریڈ یونینوں کے قائدین سے پہلے ہی بات چیت کرچکے ہیں اور اس سلسلہ میں پراعتماد ہیں کہ محکمہ برقی کے ملازمین بھی اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مرکز، متحدہ آندھرا احتجاج کی گرمی محسوس کرے۔ اپنے مستقبل کے ایجنڈہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ جب پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پیش کیا جائے گا تو سیما آندھرا میں مسلسل بند کا اہتمام کیا جائے گا۔ کمیٹی نے سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ سے فوری مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی نے انتباہ دیا ہے کہ مستعفی نہ ہونے کی صورت میں ان قائدین کو آئندہ انتخابات میں رائے دہندوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پانچ ریاستوں کے منجملہ 4 کے انتخابی نتائج میں کانگریس پارٹی کی تباہی عوام کے موڈ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حالانکہ بی جے پی چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کی وکالت کرتی ہے تاہم عوام نے آندھراپردیش کی تقسیم کے فیصلہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران ضلع اننت پور میں متحدہ ریاست کے حامی کارکنوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے تلگو برادری میں پھوٹ ڈالنے کے فیصلے کے خلاف ریالیاں نکالتے ہوئے بند منایا۔ احتجاجیوں نے سونیا گاندھی کی سالگرہ منانے کیلئے اننت پور ٹاون کے اہم چوراہے پر ناکارہ اشیاء سے تیار کردہ ایک کیک کاٹا۔ دکانات اور دیگر کاروباری ادارے، سینما گھر، پٹرول پمپس اور زیادہ تر بینک دفاتر آج بند رہے۔ تمام تعلیمی اداروں نے بھی بند منایا، جبکہ چند یونیورسٹیوں نے آج منعقد امتحانات ملتوی کردئیے تھے۔ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں ضلع میں کہیں نہیں دکھائی دیں۔ آٹو رکشاؤں کی بڑی تعداد بھی سڑکوں سے غائب رہی، کیونکہ کئی آٹو یونینیں بھی بند میں شامل تھیں۔ وشاکھاپٹنم میں کنگ جارج ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بھی یوم دغا بازی منایا۔ اس کے نتیجہ میں ہنگامی خدمات کے سوا دواخانے میں دیگر تمام طبی خدمات شدید متاثر رہیں۔ اطلاعات کے بموجب سیما آندھرا کے دیگر اضلاع جیسے کرنول، چتور اور نیلور کے کئی ٹاونس میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

Seemandhra calls Sonia's b'day a day of betrayal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں