ہند پاک تعلقات میں بہتری کو اولین ترجیح - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-28

ہند پاک تعلقات میں بہتری کو اولین ترجیح - نواز شریف

اسلام آباد
( آئی اے این ایس )
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں جن میں افغانستان سے تعلقات میں بہتری ، ہندوستان سے مذاکرات کی بحالی اور امریکہ سے باہمی احترام و مفاد پر مبنی تعلقات شامل ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد بین الاقوامی برادری خاص طور پر اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت 4نکاتی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جن میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ، معیشت کی بحالی، توانائی کے بحران پر قابو پانا اور امداد کے حصول کے بجائے تجارت کو بڑھانا شامل ہے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری سے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے پاکستان مسائل پر قابو پالے گا۔ دور حاضر میں کوئی بھی ملک تنہا رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اس لیے ان کی حکومت عالمی برادری سے قریبی تعلقات کی خواہاں ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستانی سفارت کاروں پر زور دیا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر علاقائی ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کریں ۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روایتی سفارت کاری کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالاجائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز اقتصادی سفارت کاری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے انھوں نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات سفارتی عملے کو بھر پور کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔
Improving ties with India top priority: Nawaz Sharif

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں