کرناٹک - پیشہ وارانہ کورسز میں داخلے اور فیس کا معاملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-18

کرناٹک - پیشہ وارانہ کورسز میں داخلے اور فیس کا معاملہ

No-Uniform-Fee-Structure-for-Professional-Courses
میڈیکل انجینئرنگ سمیت مختلف پیشہ وارانہ کورسس کیلئے داخلہ پالیسی، فیس مقرر کرنے کے متعلق حکومت میں متنازعہ حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ سال 2006ء میں بنائے گئے ایکٹ کو اب تک عمل میں نہیں لایا گیا۔ اس لئے آئندہ تعلیمی سال سے ایکٹ کو جاری کئے جانے کا اعلان وزیراعلیٰ سدا رامیا کی طرف سے کردئے جانے سے تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے رہائشی دفتر کرشنا میں منعقدہ جتنا درشن میں عوام کے مسائل سننے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدا رامیا نے بتایا کہ فیس مقرر کئے جانے اور داخلوں سے متعلق ہائی کورٹ کے دو ججوں کی قیادت میں علاحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مگر ان کمیٹیوں نے اب تک رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ ایسے میں غیرضروری رپورٹوں پر اعتماد کرکے والدین اور طلباء کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کئے جانے والے اس ایکٹ سے درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات کے طلباء کو تکلیف پہنچے گی یہ افواہیں غلط ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ججوں کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹیوں نے اب تک سفارشات ہی نہیں کی ہیں، ایسے میں غیر ضروری اور غلط افواہوں پر بھروسہ کرکے خوف زدہ ہونا نہیں چاہئے۔ سدا رامیا نے تیقن دیا کہ حکومت ہمیشہ طلباء کے مفاد میں ہی کام کرے گی۔ ججوں کی کمیٹیاں سفارش کرنے کے بعد ہی اس کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں تبادلہ خیال کرکے ہی ایکٹ کو جاری کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایاکہ ہائی کورٹ کے ججوں کو کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اتنی ہی فیس مقرر کی جائے۔ سفارشات یش کرنے کے بعد ہی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس بات کی بھی وضاحت کردی کہ حکومت پرائیوٹ کالجوں کی لابی یا دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔ حکومت صرف طلباء کے مفاد کو ذہن میں رکھ کر ہی فیصلہ کرے گی۔ اس معاملہ میں طلباء اور والدین کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کابینہ میں توسیع کئے جانے کے وقت اس بارے میں تفصیلات بتاؤں گا۔ یہ کہہ کر وزیراعلیٰ سدا رامیا نے کل دو وزراء کی حلف برداری کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا اور کہاکہ بہت جلد پارٹی کے وفادار کارکنوں کو بورڈز کارپوریشنوں کے چیئرمین اور ڈائرکٹروں کے عہدوں پر تقرر کیا جائے گا۔ اس سے متعلق کارروائی شروع ہوگئی ہے۔

No uniform fee structure for engineering, medicals: Karnataka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں