قومی اردو کونسل - مولانا ابو الکلام آزاد کی ہمہ گیر شخصیت پر قومی سیمینار کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-12

قومی اردو کونسل - مولانا ابو الکلام آزاد کی ہمہ گیر شخصیت پر قومی سیمینار کا فیصلہ

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند حال ہی میں اردو زبان سے متعلق قومی و بین الاقوامی سمینار کے انعقاد کے بعد اب ہندوستان کے عظیم مجاہد آزادی قوم و ملک کے معمار اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابو الکلام آزاد کی حیات و خدمات کے موضوع پر سہ روزہ قومی سمینار کا انعقاد کرے گی۔ مولانا آزاد پر سمینار کی ایک تجویز کونسل کی مجلس عاملہ کی جانب سے آئی تھی جس پر عمل آوری کرتے ہوئے کونسل نے ایک سمینار کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی کی پہلی میٹنگ حال ہی میں فروغ اردو بھون میں منعقد ہوئی جس کی صدارت کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی نے کی۔ میٹنگ میں سمینار کے تمام تر پہلوؤں پر سنجیدگی سے غورو خوض کیا گیا اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ کونسل فروری2014کے آخر یا مارچ2014کے پہلے ہفتے میں مولانا آزاد پر ایک قومی سمینار کا انعقاد دہلی میں کرے گی۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ مولانا آزاد کے قومی، سماجی ، مذہبی ، تعلیمی، سیاسی اور صحافتی افکار و نظریات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے اس لیے کونسل نے مولانا آزاد پر سمینار کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔
کمیٹی کے اراکین کا خیر مقدم کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے کیا۔ سمینار کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مولانا آزاد پر سہ روزہ سمینار کے چار مختلف اجلاس ہوں گے جس میں مولانا آزادکی مجموعی خدمات ، ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں اور عصر حاضر میں ان کی معنویت و ضرورت پر مقالات پیش کیے جائیں گے۔ اس سمینار میں ملک کے نامور ماہرین ، مورخین، دانشور و علمی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد پہلے سیشن میں مولانا آزاد کی بازیافت پر مقالات پیش کیے جائیں گے دوسرے اجلاس میں تکثیری معاشرے میں مولانا آزاد کی معنویت، تیسر اجلاس میں مولانا کے تعلیمی تصورات و مختلف نصابات میں مولانا آزاد پر اسباق کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم ان کی ثقافتی و صحافتی خدمات پر بھی مقالات پیش کیے جائیں گے، چوتھے اور آخری اجلاس میں مولانا آزاد پر مستقبل قریب میں کیے جانے والے کاموں کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔
سمینار کمیٹی کے اراکین بالخصوص جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر سید شاہد مہدی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد میاں، دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اسلامیات کے صدر پروفیسر اختر الواسع، کونسل کے رکن شیخ علیم الدین اسعدی نے میٹنگ میں شرکت کی اورسمینار کے حوالے سے اپنی تجاویز کونسل کو پیش کیں۔ ان اراکین نے کہا کہ مولانا آزاد مجاہد آزادی اور قوم و ملک کے معمار کے ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے پہلے وزیر تعلیم بھی تھے اور بحیثیت وزیر تعلیم ان کی تعلیمی خدمات سے آج ملک فیضیاب ہو رہا ہے۔ اسی طرح مولانا آزاد نے ہندوستانی ثقافت ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو بھی فروغ دینے میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔ علاوہ ازیں ان کے سیاسی وصحافتی افکار کی اہمیت ملک کے موجودہ تناظر میں خاصی بڑھ جاتی ہے۔ لہٰذا کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سہ روزہ سمینار میں ان تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے۔ انھوں نے کونسل کے اس قدم کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون کونسل کو پیش کریں گے۔
میٹنگ میں کونسل کے ریسرچ آفیسر کلیم اللہ، ریسرچ اسسٹنٹ مسرور احمد، ڈاکٹر قاسم انصاری اور ٹی اے ڈاکٹر جاوید اقبال نے بھی شرکت کی۔

(رابطہ عامہ سیل)

National seminar on Maulana Azad by NCPUL

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں