بی۔جے۔پی کی فتح میں مودی کا کوئی رول نہیں - اڈوانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-12

بی۔جے۔پی کی فتح میں مودی کا کوئی رول نہیں - اڈوانی

ایسا لگتا ہے کہ نریندر مودی کو بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار بنائے جانے پر پارٹی کے سینئر لیڈروں کو جو اعتراض تھا وہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور مختلف ذرائع سے اس کا اظہار بھی ہوتا رہتا ہے۔ ایک طرف بی جے پی کا کہنا ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ملنے والی کامیابی میں مودی لہر کا بہت بڑا رول رہا تو وہیں بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی نے بدھ کو بالواسطہ طورپر پارٹی کی جانب سے ’مودی لہر، کی تشہیر پر سوال کھڑے کردئیے ہیں۔ اڈوانی پارٹی کی فتح کا سہرا بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کے سر باندھنے سے بچتے نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اسمبلیوں میں بی جے پی کی فتح کیلئے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کا اہم رول رہا۔ اڈوانی سے جب پوچھا گیا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مودی کا انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا کتنا اہم رہا؟ تو انہوں نے کہاکہ پارٹی کی اس فتح کیلئے سب نے اپنا اپنا رول اداکیا، لیکن یقینی طورپر اس میں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کا سب سے اہم رول رہا۔ ذرائع کے مطابق اڈوانی نے یہ بیان دے کر ایک طرح سے پارٹی کی جانب سے مودی لہر کی بات کو یکسر خارج کردیا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی ابھی تک یہ کہتی آرہی تھی کہ مودی کی وجہہ سے تینوں ریاستوں میں پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وہیں اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی کے اس دعوے کو مسترد کرتی رہی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے مودی لہر کے بارے میں اڈوانی کے بیان پر کوئی ردعمل نہیں ظاہر کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے دوسرے لیڈر بھی دبی زبان میں گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران مودی کی لہر سے انکار کرتے رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چواہان اور چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ نے بھی اپنی ریاستوں میں بی جے پی کو ملنے والی کامیابی کیلئے براہ راست کھل کر مودی کا نام نہیں لیا ہے۔ بی جے پی کی کامیابی کیلئے ان ریاستوں میں عوام کیلئے بہبودی پروگرام کو اہم ٹھہرایا گیا ہے۔ وہیں ایک حلقے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریاستی انتخابات کے دوران واقعی مودی کی لہر ہوتی تو پھر چھتیس گڑھ اور دہلی کے الیکشن میں بھی بی جے پی بہت بڑے فرق کے ساتھ کامیابی حاصل کرلیتی۔ بہرحال جو بھی ہو بی جے پی لیڈروں کے بیانات سے یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ بی جے پی کے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی پارٹی کے ایک خاص حلقے میں گلے سے نیچے نہیں اتر رہے ہیں۔

Advani evades giving Modi credit for poll results

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں