پیڈ نیوز کو انتخابی جرم قرار دینے الیکشن کمیشن کی سفارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-22

پیڈ نیوز کو انتخابی جرم قرار دینے الیکشن کمیشن کی سفارش

الیکشن کمیشن نے وزارت قانون سے سفارش کی ہے کہ وہ تمام پیڈ نیوز کو انتخابی جرم متصور کرے کیونکہ اس کے نتیجہ میں انتخابی کارروائی کو زبردست دھکہ پہنچ رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے آج یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ پیڈ نیوز کے کرپشن مضمرات میڈیا عوام اور امیدواروں سب پر اثر انداز ہورہے ہیں جب کہ اس کے نتیجہ میں انتخابی کارروائی کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ سمپت نے انتخابی اصلاحات پر سمینار سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ پیڈ نیوز کو انتخابی جرم قرار دیا جانا چاہئے تاکہ اس میں ملوث ہونے والوں کو نتائج کا سامنا ہو۔ سیاسی جماعتوں کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سمپت نے بتایاکہ برسر اقتدار حکومت کی جانب سے انتخابی تواریخ کے اعلان سے چند دن قبل اپنے کارناموں کے اشتہارات کے ذریعہ اشاعت کا طریقہ کار روک دیا جانا چاہئے۔ تاہم صحت، انسداد غربت اور صارفین مفادات جیسے مسائل پر استثنی دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے انتخابی دائرہ کار میں بنیادی اصلاحات کو وقت کا تقاضہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایاکہ سیاست کو جرائم سے پاک کرنا سیاسی جماعتوں کی کارکردگی میں شفافیت اور سیاسی جماعتوں کے فنڈس کے حسابات کی تنقیح چند ایسی باتیں ہیں جن پر فوری توجہ درکار ہیں۔ اس سلسلہ میں کئے گئے اقدامات پر سمپت نے بتایاکہ حسابات کی تنقیح اصلاحات میں ایک طویل راستہ طے کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کوتاہیوں کا احساس کیا گیا ہے اور کئی شعبوں میں اس کا اظہار بھی ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ اصلاحی اقدامات سست روی کے ساتھ عمل میں آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مجرمانہ پس منظر کے حامل امیدواروں پر پابند عائد کرنے قانون وضع کیا جارہا ہے۔ تاہم آپ مختصر وقفہ میں اس قسم کی باتوں میں زبردست تبدیلی کی توقع نہیں کرسکتے۔ انہوں نے قانون طورپر کسی بھی فرد کیلئے رائے دہی کو لازمی بنانے کے امکان کو مسترد کردیا۔ گذشتہ پارلیمانی انتحابات میں تقریباً 30 کروڑ شہریوں نے ووٹ نہیں دیا۔ اگر قانونی طورپر رائے دہی کو لازمی قرار دیاجائے تو سی ای سی کو 30کروڑ افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کے نتیجہ میں عدلیہ پر صرف ایک بوجھ عائدہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ الیکشن کمیشن جبر و زیادتی پر ایقان نہیں رکھتا اس کے بجائے اس نے رائے دہی میں رائے دہندوں کی شرکت کو فروغ دینے ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں کی گئی کوششوں سے پانچ ریاستوں میں منعقدہ حالیہ انتخابات میں کامیابی ہوئی ہے۔ حالیہ تاریخ کے دوران رائے دہی کی شرح اعظم ترین رہی ہے۔

Election Commission wants paid news to be made electoral offence: CEC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں