ہند - جاپان شراکت داری -عوام کی خوشحالی کیلئے باہمی جستجو کی علامت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-04

ہند - جاپان شراکت داری -عوام کی خوشحالی کیلئے باہمی جستجو کی علامت

ہند۔جاپان کے درمیان شراکت داری کوجمہوریت کے مشترکہ اقدار،قانون کی حکمرانی اورانفرادی حقوق کی اساس قراردیتے ہوئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے کہاہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے باہمی جستجوکی علامت ہیں۔جاپان کے شہنشاہ اکھیتواورملکہ مچیکوکے اعزازمیں کل رات راشٹرپتی بھون میں دئیے گئے بینکویٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہند۔جاپان کی شراکت داری جمہوریت کے مشترکہ اقدار،قانون کی حکمرانی اورانفرادی حقوق کی اساس پرمبنی ہے۔یہ اپنے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہماری باہمی جستجوکی علامت ہے۔ہندوستان اورجاپان امن واستحکام کوفروغ دینے کامشترکہ ویژن رکھتے ہیں اوردونوں ملک ایک نئے ایشیاکے خواب میں ساجھے دارہیں جوتیقنات اورمواقع سے بھرپورہوگا۔دونوں ملکوں کے تعلقات کافی حدتک ترقی کرگئے ہیں اورہم دفاعی مفادات کومدنظر رکھتے ہوئے حقیق معنوں میں ایک عالمی شراکت داری قائم کرچکے ہیں۔انھوں نے کہاکہ یہ دورہ باہمی مذاکرات،نئے اقدامات اورباہمی تعلقات کومزیدبلندیوں پر پہنچانے دونوں ملکوں کی کوششوں کے لیے قوت محرکہ ثابت ہوگا۔صدرجمہوریہ نے کہاکہ شہنشاہ اورملکہ جاپان کی ہندوستان میں موجودگی باہمی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل ہے جوہماری آزمودہ دوستی،اتحاداورتعاون کومزید گہرائی وگیرائی عطاکرنے کی نقیب ہے۔صدرجمہوریہ نے اس موقع پرہندوستان کے عظیم سپوتوں سوامی وویکانندا،جمشید جی ٹاٹا،گرودیورابندرناتھ ٹیگور نیتاجی سبھاش چندربوس،راس بہاری بوس اورجج رادھاونودپال کی بھی یادتازہ کی جنھوں نے دوستانہ تعلقات کومستحکم بنانے میں اہم حصہ اداکیاتھا۔اکھیتونے بینکویٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اورجاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کی60ویں سالگرہ کے موقع پرہندوستان کادورکرتے ہوئے انھیں اورملکہ کو بے حدمسرت ہورہی ہے۔

India, Japan share vision of a new Asia: President

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں