قیام تلنگانہ کی کاروائی میں تیزی - صدر جمہوریہ سے کانگریس قائدین کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-25

قیام تلنگانہ کی کاروائی میں تیزی - صدر جمہوریہ سے کانگریس قائدین کی اپیل

تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے آج صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرکے اپیل کی کہ وہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی کارروائی میں تیزی لائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا کی زیر قیادت تلنگانہ کے کانگریس قائدین کے ایک وفد نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کرکے انہیں ایک یادداشت پیش کی۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی جنوبی ہند کے دورہ پر ہیں۔ وفد میں تلنگانہ کے ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی موجود تھے۔ انہوں نے پرنب مکرجی سے شکایت کی کہ ریاستی اسمبلی کو تلنگانہ مسودہ بل بھیجے جانے کے 14 دن بعد بھی ایوان میں مباحث کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔ وفد میں مرکزی مملکتی وزیر بلرام نائک، ریاستی وزیر پنچایت راج کے جانا ریڈی اور رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ سکھیندر ریڈی بھی شامل تھے۔ رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بعدازاں صحافیوں کو بتایاکہ وفد نے صدر جمہوریہ کو مطلع کیا کہ سیما آندھرا کے ارکان مقننہ جان بوجھ کر مسودہ بل پر مباحث میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی اور سیما آندھرا کے دیگر وزراء یہ کہتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ ریاست کی تقسیم کا عمل روک دیں گے۔ انہوں نے پرنب مکرجی کی توجہ سیما آندھرا قائدین کے اس بیان کی طرف بھی مبذول کرائی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مباحث کیلے مزید وقت طلب کریں گے۔ تلنگانہ قائدین نے صدرجمہوریہ سے درخواست کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسمبلی، تلنگانہ مسودہ بل، اپنے نظریات کے ساتھ مقررہ وقت پر اُسے صدرجمہوریہ کو واپس کرے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ ایک عاجلانہ فیصلہ دونوں علاقوں کیلئے سودمند ہوگا۔ اسی دوران کے جانا ریڈی، بلرام نائک اور سکھیندر ریڈی نے سکریٹریٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے تلنگانہ کے خلاف سیما آندھرا قائدین کی سازشوں سے صدرجمہوریہ کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے بشمول سیما آندھرا کے ارکان مقننہ کی صدر جمہوریہ سے شکایت کی اور بتایاکہ یہ قائدین تشکیل تلنگانہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جانا ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے بشمول کوئی بھی قائد خواہ کتنی ہی رکاوٹیں کھڑی کرلے وہ تلنگانہ کی تشکیل کو نہیں روک سکتا۔ انہوں نے بتایاکہ ہم نے صدر جمہوریہ کو ایوان اسمبلی کی حالت زار سے بھی واقف کرایا، جہاں سیما آندھرا ارکان تلنگانہ بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان کا تقدس پامال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ وہ ارکان کو بل پر اظہار خیال کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔ وہ مسلسل ہنگامہ آرائی کے ذریعہ اسپیکر کو کارروائی شروع کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ سیما آندھرا کے تمام ارکان کا واحد مقصد یہ ہے کہ کسی نہ کسی طرح تلنگانہ کی تشکیل کا عمل روک دیاجائے۔ واضح ہوکہ آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل 2013ء کو اس ماہ کے اوائل میں مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی تھی جس کے بعد صدجمہوریہ نے مسودہ بل پر مباحث کیلئے اسے ریاستی اسمبلی روانہ کیا۔ انہوں نے اسمبلی سے کہاکہ وہ 23 جنوری تک بل راشٹرا پتی بھون واپس بھیج دے۔ تلنگانہ مسودہ بل گذشتہ ہفتہ اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا تاہم اس پر مباحث کے بغیر اسمبلی کا سرمائی اجلاس 3 جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔ مسودہ پیش کئے جانے کے بعد 4دن تک سیما آندھرا کے ارکان نے تقسیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بل پر مباحث کا آغاز ہونے نہیں دیا۔ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا دوسرا مرحلہ 3 جنوری کو شروع ہوگا جس میں امکان ہے کہ بل پر مباحث کا آغاز ہوگا۔ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 23 جنوری تک جاری رہے گا جب کہ اس دوران اسمبلی کو 10تا15 جنوری سنکرانتی کی تعطیلات ہوں گی۔ مکر سنکرانتی 14جنوری کو منائی جائے گی۔ یہ علاقہ آندھرا کا ایک بڑا تہوار ہے۔

Expedite formation of separate state: Telangana leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں