بی جے پی قائدین کا کجریوال کی پارٹی سے رابطہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

بی جے پی قائدین کا کجریوال کی پارٹی سے رابطہ

اکزٹ پول کے اندازوں کے مطابق دہلی میں معلق اسمبلی ہونے کا امکان ہے اس وجہ سے سیاسی پارٹیاں انتخابات کا نتیجہ آنے کے پہلے سے ہی حکومت بنانے کی جوڑ توڑ میں لگ گئی ہیں ۔ عام آدمی پارٹی (آپ)کے اہم رکن منیش سسوڈیا نے آج دعوی کیا ہے کہ بی جے پی کے ارکان نے معلق اسمبلی کی صورت میں حمایت حاصل کرنے کیلئے ان کی پارٹی کے امیدواروں سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے کچھ امیدوارں نے ا طلاع دی ہے کہ بی جے پی کے کچھ ارکان نے ان سے رابطہ کیا ہے ۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا انہوں نے بی جے پی کے لئے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے یہ رابطہ کیا ہے مگر وہ کچھ اس طر ح کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ارکان کے رابطہ کرنے پر آپ کے لوگوں نے انہوں نے واضح جواب دیا ہے ۔ آپ کے امیدواروں کا کہناتھا کہ اگر انہوں نے کانگریس اور بی جے پی کی مخالفت میں ووٹ مانگے ہیں تو پھر آپ کے لئے ان دونوں پارٹیوں کی حمایت کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا ۔یہ تو عوام کے ساتھ دھوکہ کرنے اور ان کی اعتماد شکنی کے مترادف ہوگا ۔سسوڈیا نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن میں مقرر حد سے زیادہ پیسہ خرچ کرنے کے لئے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نے نوٹس بھیجا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس ڈی ایم ، چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ کے ایماء پر کام کررہے ہیں ۔ نوٹس میں اروند کجریوال پر مقرر حد سے زیادہ رقم خرچ کرنے کا ذکر ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کجریوال نے اپنے انتخابی حلقہ نئی دہلی کے چناؤ پر محض3لاکھ روپے ہی خرچ کئے ہیں ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جنتر منتر پر ہوئے ایک کنسرٹ میں 16لاکھ روپے سے زیادہ خرچ کئے گئے ہیں۔سسوڈیا نے کہا کہ جیت کی گونج نام کے اس پروگرام میں جتنے بھی فنکار حصہ لینے آئے تھے ۔ انہوں نے کوئی پیسہ نہیں لیا لیکن ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ فنکاروں نے پیسہ لیاہے یا نہیں ۔ وہ عام طور پرایسے پروگرام کیلئے جتنی رقم لیتے ہیں اسے جوڑ اجائے گا ۔ یہ بات مناسب نہیں ہے ۔ آپ لیڈر نے نوٹس کو الیکشن کمیشن کا ایک سیاسی اسٹنٹ بتایا جس کا مقصد کجریوال کوتنگ کرنا ہے ۔ آپ پارٹی اس کا جواب دینے کے بعد یہ نوٹس کہیں نہیں ٹکے گا ۔

BJP party leaders contacted AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں