اروند کجریوال کی دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-29

اروند کجریوال کی دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری

دہلی اور شاید آنے والے دنوں میں دوسرے مقامات کی سیاست کے نئے دور کی شروعات کرتے ہوئے اروند کجریوال نے آج چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا اور ایک کرپشن سے پاک حکومت اور تکبر کے بغیر حکمرانی کے ایک نئے طرز کا وعدہ کیا ہے۔ سابق ریونیو سرویس عہدیدار 45 سالہ کجریوال نے کرپشن سے پاک حکومت اور اقتدار کے غرور کے بغیر حکمرانی کے نئے انداز کا عہد کرتے ہوئے دہلی میں سیاست کی نئی تاریخ رقم کی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں ان کی عام آدمی پارٹی (آپ) نے 70 کے منجملہ 28 حلقوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہلی میں دوسری بڑی جماعت کا موقف حاصل کیا۔ انہوں نے تاریخی رام لیلا میدان پر عوامی تقریب میں حلف لیا جب کہ ان کے ساتھ 6دیگر رفقاء منیش سسوڈیا، گریش سونی، راکھی برلا، ستیندر جین، سوربھ بھردواج اور سومناتھ بھارتی کو بھی لیفٹنٹ گورنر نجیب جنگ نے وزراء کی حیثیت سے حلف دلایا۔ اپنی خاص نشانی گاندھی ٹوپی لگائے ہوئے کجریوال سیاستدانوں کے روایتی کرتا پائجامہ کے بجائے شرٹ اور ٹروزر پہنے ہوئے تھے۔ ہزارے اور ان کی ساتھی کرن بیدی نے خود کو تقریب سے دور رکھا، اگرچہ ان کے سابق رفیق کجریوال نے انہیں خاص طورپر تقریب حلف برداری میں مدعو کیا تھا۔ سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشت کے بشمول کئی دیگر سیاستدانوں نے بھی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ بی جے پی لیڈر ہرش وردھن جو نئی اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہوں گے واحد سرکردہ سیاستداں تھے جو تقریب میں موجود تھے۔ کجریوال نے انہیں ایک دیانتدار شخص کہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ جنتادل یو کے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ رسمی امور کی تکمیل کے بعد کجریوال نے 20منٹ کی مختصر تقریر کی جس میں کہاکہ آپ بدعنوان پارٹیوں کے بالمقابل ایک مختلف حکمرانی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقتدار پر آئے تھے۔ یہ ایک تاریخی دن ہے۔ آج کی حلف برداری اروند کجریوال اور دیگر وزراء کی نہیں بلکہ دہلی کے عوام کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدوجہد نے اروند کجریوال کو چیف منسٹر نہیں بنایا بلکہ دہلی میں حکمرانی کو تبدیل کیا۔ احساس ذمہ داری کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "میں جادو کی چھڑی رکھنے یا تمام مسائل حل کردینے کا دعویٰ نہیں کرتا لیکن اگر دہلی کے 1.5 کروڑ عوام ان کے ساتھ شامل ہوگئے تو تمام مسائل نہ ہوسکنے کی کوئی وجہہ نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے وزراء سے خواہش کی کہ وہ خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔ انہوں نے اقتدار کے غرور میں مبتلا نہ ہونے کا بھی انہیں انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا "ہم وزیر بننے یہاں نہیں آئے، ہم بڑی پارٹیوں کے غرور کو خاک میں ملانے پیدا ہوئے ہیں"۔ ہمیں یہ اندیشہ رکھنا ہوگا کہ کوئی اور پارٹی ہم کو تباہ کرنے وجود میں نہیں آئے۔ بدعنوانیوں کے خاتمے کو اپنا اصل ہدف بتاتے ہوئے نئے چیف منسٹر نے عوام سے خواہش کی کہ وہ عہدیداروں کو پیش نہ کریں بلکہ انہیں جال میں پھنساتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کروانے میں مدد کریں۔ اپنی حکومت کے اقلیت میں ہونے کا احساس رکھتے ہوئے کجریوال نے بی جے پی اور کانگریس کے بشمول تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ ان کی حکومت کے تمام درست اقدامات کی تائید کریں۔ تاہم انہوں نے واضح کردیا کہ وہ یہ نہیں بھولیں ہیں کہ 3 جنوری کو ان کی حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینا ہے۔ اگر تحریک اعتماد میں شکست ہوگئی تو انہیں یقین ہے کہ عوام انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کرکے دوبارہ اقتدار سونپیں گے، اس پر ہجوم نے نعروں اور تالیوں کی گونج سے استقبال کیا۔ تقریب میں شرکت کیلئے دارالحکومت کے قرب و جوار سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ اپنے سرپرست انا ہزارے کا تذکرہ کرتے ہوئے کجریوال نے کہاکہ انا کہا کرتے ہیں کہ سیاست گندی چیز ہے، 13 دن قبل ہی اناجی نے بھوک ہڑتال کی اور جن لوک پال منظور کروایا۔ گذشتہ دو برسوں میں ہم نے ہر ممکن قدم اٹھایا۔ بھوک ہڑتال کی، احتجاج کیا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ بتدریج یہ واضح ہوگیا کہ ملک کی سیاست کو تبدیل کئے بغیر ہم کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتے۔ کجریوال نے کہاکہ "میں اکثر انا سے کہتا کہ اگر ہم نظام کو شفاف بنانا چاہتے ہیں تو ہم کو اس گندی سیاست میں اترنا ہوگا۔ دو سال قبل اس انقلاب کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا لیکن اب کرشمہ ہوگیا اور یہ تو شروعات ہے"۔ نئے چیف منسٹر نے کہاکہ اگر آئندہ 5 برسوں میں ان کی حکومت نے درست اقدامات کئے توان کے خیال میں ہندوستان سونے کی چڑیا بن سکتا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا "میں تمام مذاہب کے خدا کا شکر ادا کرتاہوں، یہ ایک کرشمہ ہے، ہم نے سوچا بھی نہ تھا کہ یہ انقلاب رونما ہوگا۔ ملک کے عوام مایوس ہیں، ہم سوچا کرتے تھے کہ سیاست نے ملک کو تباہ کردیا لیکن دہلی کے عوام نے بتایا کہ سیاست دیانتداری کے ساتھ بھی ممکن ہے"۔ عام آدمی کی اپنی پہچان برقرار رکھتے ہوئے کجریوال اترپردیش کے ضلع غازی آباد سے میٹرو ٹرین کے ذریعہ دہلی پہونچے۔ اسٹیشن سے رام لیلا میدان تک کا سفر انہوں نے اپنی ماروتی کار میں کیا۔ حلف لیتے ہی وہ سیدھے راج گھاٹ گئے اور گاندھی جی کو خراج پیش کیا۔ ہریانہ کے سیوانی میں پیدا ہونے والے کجریوال دہلی کے دوسرے کم عمر چیف منسٹر ہیں۔ اس سے قبل 1952ء میں چودھری برہم پرکاش 34 برس کی عمر میں چیف منسٹر بنے تھے۔ دہلی کی نئی حکومت، عام آدمی پارٹی حکومت کے وعدے کے مطابق سکیورٹی نہ لیتے ہوئے اور وزراء و عہدیداروں کی کارروں پر لال بتی نہ لگاتے ہوئے وی آئی پی تہذیب کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پانی کی مفت سپلائی اور آنے والے دنوں میں بجلی کی شرحوں میں کمی کیلئے کارروائی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے عہدہ رازداری کا حلف لینے کے بعد مختلف محکموں کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور سی این جی گیس کی قیمت میں اضافہ کے مسئلہ سے نمٹنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ان عہدیداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی جو ایمانداری اور عوام کے مفاد میں کام کریں گے۔ کجریوال نے کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کے بعد کہاکہ حکومت دہلی کے کسی بھی وزیر یا عہدیدار کو لال بتی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ کسی بھی عہدیدار کو پرسنل سکیورٹی آفیسر یا اسکارٹ گاڑی فراہم نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی خطرے کے پہلو کے پیش نظر دی جائے گی۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں دہلی میں وی آئی پی کلچر ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

Arvind Kejriwal sworn in as Delhi's chief minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں