آندھرا پردیش تقسیم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی - وزیر اعلیٰ کرن کمار ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-20

آندھرا پردیش تقسیم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی - وزیر اعلیٰ کرن کمار ریڈی

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج ان الزامات کو مسترد کردیا کہ وہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان کے احکام کی خاموشی کے ساتھ تعمیل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ ریاست کی تقسیم کا عمل روک نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ میں پہلے جو کچھ کہا تھا اس پر آج بھی قائم ہوں۔ میں نے کہا تھا کہ میں طوفان (تقسیم) کو روکنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک جنگجو ہوں اور آخر تک اپنی لڑائی جاری رکھوں گا۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی، احاطہ اسمبلی میں صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔ کرن کمار ریڈی کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ ریاستی اسمبلی میں آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل 2013 کے مسودہ پر مباحث کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسودہ بل میں علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ تاہم سیما آندھرا ارکان اسمبلی کے مسلسل احتجاجی مظاہروں کے باعث مباحث کا عملاً آغاز عمل میں نہیں آسکا ہے۔ کرن کمار ریڈی نے بتایاکہ میں نے پیر کے دن اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی، جب کہ ایوان میں بل کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ میری طبیعت ناساز تھی۔ انہوں نے مختلف گوشوں سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اُس دن ایوان سے غیر حاضر رہنے کو ترجیح دی، کیونکہ اس دن مسودہ بل پیش کیا جانے والا تھا۔ کرن کمار ریڈی نے جو رانجی ٹرافی میں حیدرآباد کیلئے کھیل چکے ہیں، کرکٹ کی اصطلاح کا استعمال کرتے ہوئے کہاکہ تقسیم کے مسئلہ پر ابھی آخری گیند پھینکی نہیں گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ریاستی قانون ساز کونسل اور قانون سازاسمبلی کا کام ہے کہ وہ اس بات کا فیصلہ کریں کہ ریاست کی متحدہ ساخت برقرار رہے یا پھر اس کی تقسیم کردی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز کو چاہئے کہ وہ دستور کے مطابق تقسیم کے عمل پر پیشرفت کرے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بہار، مدھیہ پردیش اور اترپردیش ریاستوں کی تقسیم کے موقع پر متعلقہ اسمبلیوں میں قرار دادیں منظور کی گئی تھیں، جن کی بنیاد پر مرکز نے ان کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاستوں کا قیام عمل میں لایا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسمبلی میں مرکز کے بھیجے گئے مسودہ بل پر مباحث، ابھی آغاز کے مرحلہ میں ہے۔ ایوان میں صرف بل پیش کیا گیا ہے، جب کہ مباحث کا ہنوز آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں طرف کے ارکان کو چاہئے کہ وہ متعلقہ علاقوں کے عوام کے جذبات کو دھیان میں رکھتے ہوئے مسودہ بل پر اپنے خیالات کااظہار کریں۔ بل کے مسودہ میں بعض خامیوں کی سیما آندھرا ارکان مقننہ کی جانب سے نشاندہی اور اعتراضات پر کرن کمار ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت اس مسئلہ میں مرکز کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے چند پہلوؤں پر مزید تفصیلات حاصل کرے گی۔

Andhra CM says he will continue fight against separate Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں