جنوبی سوڈان - اندرون دو یوم اضافی امن فوجیوں کی آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-28

جنوبی سوڈان - اندرون دو یوم اضافی امن فوجیوں کی آمد

(یو این آئی)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری سے جنوبی سوڈان میں تعینات کئے جانے والے اضافی 5500امن فوجی ساز و سامان آئندہ 2دن میں یہاں پہنچ جائے گا۔ جوبامیں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہلدا جانسن نے ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتا یا کہ جنوبی سوڈان میں جاری خونی تصادم سے شہریوں کی سلامتی کیلئے اضافی امن فوج کا مطالبہ 2دن قبل تسلیم کرلیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کی ہدایت پر بھیجے جانے والے 5.5ہزار فوجی 2دن میں یہاں پہنچ جائیں گے۔ یہ اضافی فوجی ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو، دارفور، لائبیریا میں اقوام متحدہ کے مشن سے وابستہ ہوسکتے ہیں۔ فی الحال یہاں اقوام متحدہ کے 6700امن فوجی اور 670پولیس جوان تعینات ہیں جن کی تعداد 2دن بعد ساڑھے پانچ ہزار کے اضافہ سے 12ہزار سے زائد ہوجائے گی۔ جانسن نے بتا یا کہ یہاں اقوام متحدہ کے اڈوں پر 50ہزار سے زائد شہریوں نے پناہ لے رکھی ہے اور ان کے تحفظ کیلئے اضافی فوجیوں کی سخت ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ سبھی امن فوجیوں کو شہریوں کی حفاظت کیلئے طاقت کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل سابق نائب صدر ریک مچار کے نیو ئیر قبیلے کے 2ہزار افراد نے سوڈانی شہریوں کو پناہ دینے والے اقوام متحدہ کے ایک کیمپ پر حملہ کیا تھا۔ اس کیمپ کے تحفظ کیلئے ہندوستان کے 43امن بردار فوجی تعینات تھے۔ اس حملہ میں 2فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد اقوام متحدہ نے یہاں فوجیوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
More UN peacekeepers arrive in South Sudan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں