آندھرا پردیش - تقسیم اراضی کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-07

آندھرا پردیش - تقسیم اراضی کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا افتتاح

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج ریاست میں بے اراضی غریبوں میں اراضی کی تقسیم کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا افتتاح کیا۔ یہاں رویندرا بھارتی میں پروگرام کی شروعات کے بعد چیف منسٹر نے بتایاکہ ریاست میں تقریباً 65 تا70 فیصد شہریوں کا زراعت پر دارومدار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اراضی سے محروم غریبوں میں استحکام اور اعتماد پیدا کرنے کیلئے ریاستی حکمت نے ریاست میں تقسیم اراضی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر حکومت دسمبر کے اواخر تک80 ہزار بے اراضی غریبوں میں 1.24 لاکھ ایکڑ اراضی تقسیم کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستی حکومت نے گذشتہ 9 سالوں کے دوران 77 لاکھ ایکڑ اراضی غریبوں میں تقسیم کیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ ریاستی حکومت نے ریاست میں درج فہرست ذاتو ں و قبائل کے 10لاکھ نفسوس کیلئے آبپاشی سہولتوں کی فراہمی پر 1800 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے تاحال جل یگنم پروگرام کے تحت 24 لاکھ ایکڑ اراضی کیلئے آبپاشی سہولت فراہم کی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ آئندہ سال مزید 30 لاکھ ایکڑ اراضی پر آبپاشی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ نوسالوں کے دوران ریاستی حکومت نے زرعی کسانوں کو برقی کی مفت سربراہی پر تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت اس مد میں رواں مالی سال کے دوران 4000 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن (سی سی ایل اے) عمارت کا افتتاح کیا جس پر 4.75 کرور روپئے کی لاگت آئی۔ انہوں نے یہاں نامپلی میں اراضیات کے سرکاری ویب سائٹس کا بھی افتتاح کیا۔ قبل ازیں وزیر مال رگھویرا ریڈی نے بتایاکہ آندھراپردیش ملک کی اولین ریاست ہے جہاں ریاست میں بے اراضی 40 لاکھ غریبوں میں 77لاکھ اراضی تقسیم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ریاستی حکومت نے قبل ازیں مکانات کی تعمیر کی اراضیات کی فراہمی کیلئے 90 لاکھ پٹے استفادہ کنندوں میں تقسیم کئے ہیں۔ 18 ہزار کروڑ روپئے مالیتی تقریباً 16ہزار ایکڑ اراضی لینڈ گرابرس نے ہتھیالئے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ ان اراضیات کے تحفظ کیلئے ریاستی حکومت نے چہار دیواریوں کی تعمیر اور دیگر اقدامات کیلئے 90 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ تقریباً 4.9 کروڑ اراضی دستاویز ریکارڈس کو ڈیجیٹل شکل دی گئی۔ وزیر نے بتایاکہ اب حکومت اور خانگی فریقین کی اراضیات کی نو متعارف کردہ سرکاری ویب سائٹس کے ذریعہ شناخت بہت ہی آسان ہوگئی ہے۔

Kiran Kumar Reddy to inaugurate the 7th & Final Phase of Land distribution

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں