سعودی عرب - غیر قانونی تارکین کو دستاویزات درست کرنے ایک ماہ کی مہلت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-16

سعودی عرب - غیر قانونی تارکین کو دستاویزات درست کرنے ایک ماہ کی مہلت

سعودی عرب کی وزارت لیبر نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ایک ہفتہ سے جاری کریک ڈاؤن کے بعد چند نئی ہدایات اور تجاویز دی ہیں ۔ وزارت لیبر کی جانب سے 4نکاتی ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ مملکت میں خلاف قانون مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کاروائی جاری رکھی جائے گی ۔ تجارتی مراکز کھلے چھوڑ کر فرار ہونے والوں کی تلاش جاری ہے ۔ بلااستشنی تمام تجارتی مراکز اور کار خانوں کی تلاشی کا عمل جاری رہے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ جن تجارتی اداروں کی جانب سے اپنے غیر ملکی ملازمین کے کاغذات کی درستی کا عمل آخری مراحل میں ہے انہیں ایک ماہ کے اندر تمام ضروری کوائف مہیا کرنے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ریاض میں وزارت محنت وافرادی قوت کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے غیر ملکوں کی تلاش اور ان کی واپسی کے لیے کاروائی میں میں کوئی لچک نہیں دکھائی جارہی ہے ۔ البتہ فی الحال بڑے شہروں میں موجود غیر ملکیوں کیخلاف سرچ آپریشن میں تمام مشکوک مقامات کی تلاشی لی جائے گی ۔ کسی بھی تجارتی مرکزی کی بار بار تلاشی بھی لی جاسکتی ہے ۔ تلاشی کی کسی بھی کاروائی کے لیے تجارتی مراکز کو پیشگی اطلاع نہیں دی جائے گی اور تمام اہم مقامات کی بلا تفریق تلاشی کا عمل جاری رہے گا ۔ وزارت لیبر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام سرچ آپریشن کے دوران کسی بھی دکان کے مالک سے وہاں کام کرنے والے ملازمین کی شناخت کے بارے میں جان کاری کے مجاز ہیں ۔ غلط معلومات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ اس ضمن میں دکانوں اور تجارتی مراکز کے مالکان کو اپنے ملازمین کے تمام کوائف اور ماہانہ تنخواہ کی ادائی کی رسید یں بھی فراہم کرنا ہوں گی ۔ اس دوران جن غیر ملکیوں کے کاغذات کی درستی آخری مر احل میں پہنچ چکی ہے انہیں مزید ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ دیگر مطلوبہ شرائط پوری کرسکیں ۔

saudi arabia illegal immigrants got a month time

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں