پرانے شہر کی خبریں - old city news 15 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-15

پرانے شہر کی خبریں - old city news 15 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-15

منصف نیوز بیورو
یوم عاشورہ کے موقع پر تاریخی بی بی کے علم کے جلوس کا جمعہ 15/ نومبر کو ایک بجے دن الاوہ بی بی دبیر پورہ سے آغاز ہوگا جو کمان شیخ فیض ، اعتبار چوک ، کوٹلہ عالیجاہ ، سردار محل ، چارمینار ، گلزار حوض ، چار کمان سے ہوتا ہوا 4 بجے شام قدم رسول پنجہ شاہ کے پاس توقف کرے گا۔ ساڑھے چار بجے براہ اعتبار چوک ، میر عالم منڈی ، پرانی حویلی ، الاوہ سرطوق دارالشفا ، عزا خانہ زہرا ، کالی قبر سے ہوتے ہوئے شام 6 بجے چادرگھاٹ مسجد الٰہی پہنچ کر علم مبارک کو ٹھنڈا کیا جائے گا۔
متولی عارف الدین اور علمبردار قمر حسین ، رجنی ہاتھی پر بی بی کے علم کو تھامے ہوئے ہوں گے۔ جلوس کے آگے عزا دار ماتم کریں گے اور مختلف تنظیموں کی جانب سے مرثیہ خوانی و نوحہ خوانی کی جائے گی۔ پرانی حویلی پیلی گیٹ پر خاندان آصفیہ کے چشم و چراغ پرنس شہامت جاہ و دیگر اہل خانہ آصفیہ بی بی کے علم پر ڈھٹی پیش کریں گے۔
جبکہ دارالشفاء ٹریفک پولیس اسٹیشن کے پاس کمشنر پولیس انوراگ شرما اور قدیم دفتر بلدیہ دارالشفاء کے پاس مئیر حیدرآباد اور کمشنر بلدیہ علم مبارک پر نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔
سٹی پولیس کی جانب سے اس موقع پر سیکوریٹی کے وسیع تر بندوبست کیے جا رہے ہیں۔ جلوس کے آگے ٹاسک فورس اور گھڑ سوار دستوں کو متعین کیا جائے گا۔
اس دوران انچارج ڈی سی پی ساؤتھ زون سنجے کمار جین نے آج پرانے شہر کے عاشور خانوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے پی شیعہ یوتھ کانفرنس کے صدر سید حامد حسین جعفری و دیگر قائدین موجود تھے۔ معائنہ کے بعد انچارج ڈی سی پی نے تیقن دیا کہ جلوس کے موقع پر سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کیے جائیں گے۔
محکمہ بلدیہ ، برقی اور آبرسانی کی جانب سے بی بی کے علم جلوس کے موقع پر صفائی ، پانی اور برقی کی سربراہی کے موثر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں