پرانے شہر کی خبریں - old city news 13 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-13

پرانے شہر کی خبریں - old city news 13 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-13

سیاست نیوز
پرانے شہر میں ماہ محرم کی ابتدا سے ہی علم کی ایستادگی کے علاوہ مجالس عزا کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور یہ سلسلہ 12/ محرم تک عروج پر ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ پرانے شہر بالخصوص دارالشفاء ، پرانی حویلی اور چھتہ بازار علاقوں کے عوام کو غیر معلنہ برقی کٹوتی کے سبب مشکلات ہیں۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ روزانہ معمول کے خلاف برقی کٹوتی سے شام کے وقت تاریکی پھیل جا رہی ہے جس کے سبب زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دارالشفا کے اطراف و اکناف میں علم ایستادہ کیے جاتے ہیں اور مجالس عزا منعقد ہوتی ہیں ، کم از کم وہاں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جانے چاہیے۔ لیکن محرم کے آغاز پر بھی برقی کٹوتی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ برقی نے محرم کے خصوصی انتظامات نہیں کیے ہیں اور نہ ہی محکمہ کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔
عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات کیے گئے ہیں ، لیکن برقی سربراہی میں کٹوتی یا وولٹیج میں تفاوت کی بنیادی وجہ اضافی برقی قمقموں کے علاوہ زائد روشنی کے انتظام کے لیے بڑی ہیلوجن ٹیوب کے استعمال سے یہ صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
لیکن عہدیدار اس وضاحت سے قاصر ہیں کہ یہ صورتحال کیوں صرف مسلمانوں کے اہم موقعوں پر پیدا ہوتی ہے؟ جبکہ نوراتری یا شیوراتری یا گنیش تہواروں کے موقع پر ایسا نہیں ہوتا بلکہ خاص طور پر اضافی برقی کی سربراہی کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ مسلمانوں سے متعلق اہم مواقع بالخصوص عیدین کے موقع پر برقی سربراہی کا منقطع ہونا معمول کی بات بن چکی تھی ، لیکن اس مرتبہ ماہ محرم کے موقع پر بھی یہی صورتحال پیدا کرتے ہوئے عوام میں بے چینی پیدا کی جا رہی ہے جس ے محکمہ کے کردار کی شفافیت پر عوامی شکوک و شبہات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
علاقے کے عوام نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری بلاوقفہ برقی سربراہی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ آئیندہ دنوں میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں