دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-10

دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن جاری

دہلی اسمبلی کے 70نشستوں کیلئے 4دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن آج جاری کردیا گیا اور اسی کے ساتھ نامزدگی کا عمل شروع ہوگیا۔ لیفٹینٹ گورنر نجیب جنگ نے آج نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ امیدوار 16نومبر تک نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ اس کے بعد 18نومبر کو نامزدگی کے کاغذات کی جانچ ہوگی اور 20نومبر تک نام واپس لیے جاسکیں گے۔8دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ اس بار کے انتخابات میں تقریبا ایک کروڑ 20لاکھ رائے دہند گان حصہ لیں گے ۔ دہلی کی 70رکنی اسمبلی میں 12سیٹیں درج فہرست ذاتوں کیلئے مخصوص ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس بار کے انتخاب میں دہلی کے ووٹروں کو پہلی بار یہ حق ملے گا کہ ووٹنگ کے وقت \"ان میں سے کوئی پسند نہیں\"کا بٹن دبا سکیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جو بھی امیدوار انتخابی میدان میں ہیں اور ووٹر انہیں پسند نہیں کرتے تو وہ اس بٹن کو دبا سکتے ہیں۔ محترمہ شیلا دکشت کی قیادت میں دہلی کانگریس چوتھی بار فتح کے لئے میدان میں اتری ہے۔ موجودہ اسمبلی میں کانگریس کے 43ممبران ہیں۔ جن میں راشٹریہ جنتادل کے نشان پر انتخاب جیتنے والے اوکھلا سے آصف محمد خاں اور بدر پور سے بہنوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) سے فاتح رام سنگھ نیتاجی نے حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس کی طرف سے ابھی امیدواروں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں آج ہونے والی پارٹی مرکز ی انتخابی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ بی جے پی نے 62نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلا ن کیا ہے جن میں چار سیٹیں ہر ی نگر ، کالکاجی، شاہدرہ اور راجوری گارڈن اکالی دل کو معاہدے کے تحت دی گئی ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے باقی 8سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان جلد ہی کردیے جانے کی امید ہے۔

Delhi elections begin today with the issue of gazette notification

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں