کویت کے وزیر اعظم شیخ جابر کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-10

کویت کے وزیر اعظم شیخ جابر کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ

ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے امیر کویت شیخ جابر المبارک الحماد الصباح نے آج جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ جامعہ کے کار گزار وائس چانسلر پروفیسر ایس ایم ساجد نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں ہندوستان کے ساتھ کویت کے انتہائی خوشگوار تعلقات کی طویل تاریخ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان روابط کو محدود نقطہ نظر سے نہ دیکھنا چاہئے کہ ہندوستان کویت کے لیے مزدور فراہم کرتا ہے اور کویت محض تیل کی برآمدات کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلا یا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کویت کے ساتھ علمی اور تحقیقی کاموں میں اشتراک کے لیے اپنا بھر پور تعاون پیش کرے گی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ امیر کویت کا جامعہ دورہ اس گہرے خلوص اور محبت کا شاہد ہے جو کویتی حکومت جامعہ میں رکھتی ہے۔ کویتی وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں معلمین کو اصل مجاہد قرار دیا جو ملکوں کی تعمیر کرتے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ قرآن اور اسلام نے امن اور تعلیم کو فروغ دینے کی بات کی ہے جس کی وجہ سے جامعہ جیسی یونیورسٹیوں کی اہمیت و قعت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے بڑی تعداد میں مسلم نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرانے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان رشتوں کے استحکام کے سلسلے میں بھی جامعہ کے رول کا اعتراف کیا۔ کویتی وزیر اعظم نے انڈیا عرب کلچر سینٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر نے عرب تاریخ ، جغرافیہ، معیشت اور آج کے مسائل کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی ، اقتصادی اور سماجی معاملات کے تقابلی تجزیے کے سلسلے میں وقیع ریسرچ کی ہے۔ امیر کویت نے انڈیا عرب کلچر سینٹر کے نمائشی ہال میں ہند۔ کویت 50سال کے تعلقات پر مبنی تصاویر کی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔ جامعہ میں اس پروگرام کی میزبانی 2006میں قائم شدہ عرب ۔ ہند کلچر سینٹر نے کی جس کا مقصد ہندوستان اور عرب دنیا کے درمیاں تہذیبی و ثقافتی اور علمی اشتراک کو فروغ دینا تھا۔ ،عرب ۔ ہند کلچر سینٹر نے عربی زبان میں بھگوت گیتا، رامائن اور مہا بھارت سمیت متعدد کلاسک کتابوں کا ترجمہ عربی زبان میں کیا ہے۔

Prime Minister of Kuwait al-Sabah visits Jamia Millia Islamia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں