تارکین وطن کی مدد کے لیے حکومت آندھرا پردیش کے پورٹل کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-25

تارکین وطن کی مدد کے لیے حکومت آندھرا پردیش کے پورٹل کا آغاز

Dept. of NRI Govt of AP India
حکومت آندھرا پردیش نے این آر آئز کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ایک پراجکٹ کا آغاز کیا ہے تاکہ انہیں آن لائن خدمات پیش کی جا سکیں۔ این آر آئز اب تعلیمی صداقت ناموں کی توثیق اور دیگر صداقت ناموں / دستاویزات کی توثیق کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ درج ذیل پورٹل پر ربط پیدا کریں :
www.apnri.ap.gov.in
اس پورٹل پر نہایت آرام دہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس سے قبل انہیں ان امور کی تکمیل کے لیے سیکریٹریٹ کے این آر آئی شعبہ میں طویل قطار میں کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ وزیر انچارج این آر آئی امور سریدھر بابو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ درخواست تاریخ کے ساتھ عہدیدار کے سامنے پیش ہوگی۔ تاکہ متعلقہ شخص کے دستاویزات کی جانچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے این آر آئی امور کی معلومات / درخواست کے انصرام کے سلسلہ میں اولین پراجکٹ شروع کیا ہے۔ جس کا مقصد آن لائن خدمات پیش کرنا ہے۔ پراجکٹ کے تحت پانچ اضلاع عادل آباد، کڑپہ ، کریم نگر، نظام آباد اور مغربی گوداوری کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ این آر آئز جو تعلیم یا روزگار کے لئے بیرون ملک جارہے ہیں آن لائن فارم کے ذریعہ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ حکومت فارم داخل کرنے کے اندرون 30 یوم صداقت نامہ جاری کرے گی۔
این آر آئز محکمہ کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات سے استعمال کنندہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اگر کوئی شکایت ہو تو اندراج کروا سکتے ہیں۔ محکمہ کے ساتھ مجوزہ ربط کے ذریعے لوگ اپنے پاسپورٹ اور اعداد و شمار کی تفصیلات بھی پیش کر سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر وہ اپنا تحفظ کرنے کے اہل بن سکیں۔
حیدرآباد ائرپورٹ پر ایک ڈیٹا بیس ہیلپ ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے جو پاسپورٹ پورٹل سے منسلک ہوگا۔ جس کے سبب غیرمجاز تارک وطن کی شناخت فوری ہو جائے گی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ سمندر پار ہندوستانی امور کی وزارت نے خواہش ظاہر کی ہے کہ آندھرا پردیش ریاستی حکومت اپنی ریاست کے تارکین وطن کے اعداد و شمار تیار کرے تاکہ مشکل حالات میں ان سے تعاون کیا جا سکے۔

Portal to provide services to NRIs launched

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں