راجستھان - کانگریس انتخابی ریلی میں گہلوٹ حکومت کی تعریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-24

راجستھان - کانگریس انتخابی ریلی میں گہلوٹ حکومت کی تعریف

کانگریس صدر اور یوپی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی نے کہا کہ راجستھان کی گجرات سرکار کے ذریعہ دی جارہی دواؤں کو جو لوگ زہر بتارہے ہیں دراصل زہریلے وہی لوگ ہیں جن کے دل میں عام آدمی کے تئیں کوئی درد نہیں ۔ انہوں نے نریندر مودی اور بی جے پی کے کسی بھی رہنما کابغیر نام لیے کہا کہ جھوٹ کو سچ بنانا ہمارا نہیں ان ہی کا کام ہے۔ آج راجستھان میں اپنی پارٹی کی قیادت والی حکومت کے لیے لگاتار تیسری بار انتخابات میں جیت دلانے کی اپیل کرتے ہوئے گہلوت حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی ایجنڈے کی تعریف کی اور کہا کہ مرکز میں بھی ترقی پسند اتحاد حکومت سماجی اختیار کی تفویض کو دھیان میں رکھتے ہوئے عوام کو ان کا حق دینے کے لئے کام کرتی رہی ہے۔ ریاست میں تعلیمی مرکز کی حیثیت سے معروف اس شہر کو ٹہ میں آج سہ پہر ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسنر گاندھی نے کانگریس کی مرکزی اور راجستھان کی حکومت کی تعریف کی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں اور اچھے کام کی بے بنیاد تنقید پر اپوزیشن بی جے پی کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنا یا۔ سونیا گاندھی نے اپنی پوری تقریر میں بی جے پی کے وزیر اعظم عہدے کے امیدوار اور گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی کا کہیں تذکرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی سلامتی ، علاج معالجہ اور بڑے منصوبوں سمیت تقریباہر شعبہ زندگی میں کئے گئے اچھے کام کاج کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوئی ہے اور یہ ریگسانی ریاست سرمایہ کاروں اور کار آفرینوں کی پسندیدہ منزل بن کر ابھری ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ دن گئے جب راجستھان کو پسماندہ ریاست سمجھا جاتا تھا۔ اس وقت یہ ملک کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ریاستوں میں سے ایک ہے۔ اس کامیابی کا سہرا کانگریس کی قیادت والی حکومتوں کے سرجاتا ہے۔ گہلوت حکومت کے کارناموں اور پروگراموں کی ہرطرح سے تعریف کرتے ہوئے مسنر گاندھی نے خاص طور پر مفت دواوں کی تقسیم اور امراض کی تشخیص سے متعلق اسکیموں، غریبوں کے لئے ایک روپیہ فی کلو کے حساب سے سستے گیہوں کی تقسیم ، غریبی سطح سے نیچے زندگی کزارنے والوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم اور تمام ضرورت مند طبقات کے لئے پنش اسکیم کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد حکومت نے بھی ہر طبقے اور حلقے کی ضرورتوں اور امنگوں کا پورا پورا دھیان رکھا ہے اور عام شہریوں کو ان کے حقوق دینے کا ایک عہد شروع کیا ہے جس سے نہ صرف غریب اور کمزور طبقات کو اختیارات مل رہے بلکہ تیز رفتار نمو اور اقتصادی صحت مندی کا دور آیا ہے۔ تاہم ، انہوں نے کہا کہ ، اپوزیشن بی جے پی کے لوگ ان کامیابیوں اور واقعات کو نہیں مانتے ۔ وہ اپنی عادت کے مطابق بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہیں اور ہمارے خلاف بھی اور ہماری حکومتوں کی اسکیموں کے خلاف بھی جھوٹا پرو پیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جو دوائیں مریضوں کو فراہم کی جاتی ہیں انہیں بی جے پی زہر قرار دے رہی ہے اور اچھی حکمرانی کے خلاف بے بنیاد شبہات اور غیر ضروری تنازعات کھڑے کرتی رہتی ہے۔ مسنر گاندھی نے کہا کہ یہ بی جے پی کی فطرت میں شامل ہے۔ وہ لوگ ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں۔ دواؤں میں زہر نہیں ہے زہر ان لوگوں کے دلوں میں بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو عوام کے مفادات اور فائدوں سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ صرف اپنے بارے میں اور اپنے مفادات کے بارے میں سوچتی ہے۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت اور کانگریس کے جنرل سکریٹری سی پی جوشی نے بھی اس موقع پر خطا ب کیا۔

Sonia Gandhi praises Gehlot government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں