سعودی عرب ریڈ کراس عالمی فیڈریشن اور ریڈ کریسنٹ کا رکن منتخب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-16

سعودی عرب ریڈ کراس عالمی فیڈریشن اور ریڈ کریسنٹ کا رکن منتخب

saudi-red-crescent
سعودی عرب کے ادارہ ہلال احمر کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کا چار سال کے لیے رکن منتخب کیا گیا ہے۔ سعودی عرب اب فیڈریشن میں ایشائی ملکوں کی نمائندگی کرے گا۔
فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے ادارے کے اجلاس میں یہ چناؤ عمل میں لایا۔ اجلاس میں 189 رکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سعودی عرب کو عالمی ریڈ کریسنٹ اور ریڈ کراس کا 4 سال کے لیے ممبر منتخب کرنےکے لیے رائے شماری کی گئی۔ رائے شماری کے دوران غیر معمولی اکثریت نے سعودی عرب کے حق میں ووٹ ڈالا۔ ریاض کی حمایت میں مجموعی طورپر 189 کے ایوان میں 185 رکن ملکوں نے ووٹ ڈالے۔

سعودی عرب کوعالمی امدادی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں چارسال کی رکنیت ملنے کے بعد ہلال احمر کے ڈائریکٹر برائے عالمی امور شہزادہ عبداللہ فیصل نے اسے ایک اہم اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس اور ریڈ کریسٹ میں سعودی عرب کی رکنیت دراصل ریاض کی عالمی اور علاقائی سطح پر ریلیف سرگرمیوں کا ایک ایوارڈ ہے۔ سعودی عرب مصیبت زدگان کی مدد میں نہ صرف خطے کا ایک اہم ڈونر ملک سمجھا جاتا ہے بلکہ ریاض کی فلاحی اور امدادی خدمات کوعالمی سطح پر تعریف و تحسین کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

اس دوران آسٹریلیا میں سعودی عرب کے سفیر نبیل آل صالح نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی امدادی اداروں کی انتظامیہ میں ان کے ملک کو جگہ ملنا باعث فخر ہے۔ ریڈ کریسنٹ اور ریڈ کراس کی رکنیت درحقیقت خادم الحرمین الشریفین کی دُکھی انسانوں کی خدمت کا اعتراف ہے۔ دونوں بڑے عالمی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرمیں شامل ہونے کے بعد اب ثابت ہو گیا ہے کہ سعودی عرب کی خدمات کو عالمی سطح پر کس قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

Saudi Arabia elected as a member of IFRC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں