اصلاح حال کیلیے مہلت میں توسیع کے دعوے غلط - ترجمان وزارت محنت سعودی عرب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-01

اصلاح حال کیلیے مہلت میں توسیع کے دعوے غلط - ترجمان وزارت محنت سعودی عرب

سعودی وزارت محنت کے ترجمان حطاب العنزی نے واضح کیا ہے کہ اصلاح حال کے لیے مہلت میں توسیع کے تمام تر دعوے غلط ہیں۔ اس حوالے سے سماجی ویب سائٹس ، ریڈیو ، ٹی وی چینلز اور بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی یہ باتیں کہ مہلت میں مزید 4 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے بالکل غلط ہے جس کی کوئی بنیاد نہیں۔ العنزی نے بتایا کہ تفتیشی کاروائی مقررہ پروگرام کے مطابق یکم محرم 1435ھ پیر کے روز سے پوری قوت کے ساتھ شروع کر دی جائے گی۔ وزارت محنت کے تمام اداروں نے تفتیشی کاروائی کے لیے درکار جملہ انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ دوسری جانب اصلاح حال کے لیے مقررہ مہلت کے اختتام سے پہلے ہی مختلف اداروں میں کام کرنے والے غیرقانونی تارکین نے ڈیوٹی سے ہاتھ کھینچنا شروع کر دیا ہے۔
ایک رپورٹ یہ ہے کہ کاروں کے سروس مراکز پر گاڑیاں دھونے والے کارکن منظر سے غائب ہو گئے ہیں ، اس طرح بیشتر سروس سنٹر بند ہو گئے ہیں کیونکہ ان پر کام کرنے والے یا تو غیر قانونی طور پر مقیم ہیں یا لیبر قوانین کی خلاف ورزی کر کے اس کام میں لگے ہوئے تھے۔ یہی رپورٹ گاڑیوں کے ورکشاپس کی بابت بھی ملی ہے۔ ایک عربی ویب سائیٹ الوعام کا کہنا ہے کہ بعض شہریوں کی گاڑیاں ورکشاپس پر ایک ماہ سے زائد موجود ہیں اور ان کی اصلاح و مرمت نہیں ہو رہی ہے۔ ورکشاپس کے مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے یہاں کام کرنے والے میکانیک غائب ہو گئے ہیں۔
ان حالات کے پیش نظر مقامی شہریوں نے کہا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کی بےدخلی کے نتائج ہم سب کو بھگتنا پڑیں گے جس کے لیے صبر و تحمل سے کام لینا ہوگا۔ رفتہ رفتہ تمام حالات معمول پر آ جائیں گے لہذا تب تک کے لیے تو گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

Saudi Arabia labour ministry denies grace period extension

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں