روہت شرما کی ڈبل سنچری - دیوالی دھماکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-03

روہت شرما کی ڈبل سنچری - دیوالی دھماکہ

Rohit Sharma
ٹیم انڈیا کے روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ بنگلور میں روہت شرما کی دھماکہ خیز اننگز نے آسٹریلیائی بولرز کے ہوش اڑا دئے اور ان کے طوفانی اسٹروکس نے ناظرین کو خوب لطف اندوز کیا۔ روہت شرما نے 158 گیندوں پر 209 رنوں کی یادگار اننگز کھیلی۔ یہ ون ڈے کرکٹ کی تیسری ڈبل سنچری ہے ، اس سے قبل ویریندر سہواگ 219 اور سچن ٹنڈولکر 200 رنوں کی اننگز کھیل چکے ہیں۔
روہت شرما نے 16 چھکے لگا کر، بنگلہ دیش کے خلاف شین واٹسن کے 15 چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ اور وہ ون ڈے کرکٹ تاریخ کی دوسری سب سے بڑی اننگ اور آسٹریلیا کے خلاف کسی بلے باز کی طرف سے سب سے بڑی اننگ کھیلنے والے بن گئے ہیں۔
26 سالہ روہت شرما کا اس سے قبل ون ڈے میں سب سے زیادہ اسکور ناٹ آؤٹ 141 رن تھا۔ اس سے پہلے تک 107 میچوں میں انہوں نے 36 چھکے لگائے تھے جبکہ اس واحد میچ میں انہوں نے 16 چھکوں کی بارش کر ڈالی۔
روہت شرما نے اپنے کیرئر کی چوتھی سنچری شاندار انداز میں ڈبل سنچری کی صورت میں مکمل کی اور ساتھ ہی ساتھ 108 میچوں میں تین ہزار رن بھی مکمل کر لیے۔ اپنی اس تاریخی اننگ کے ذریعے انہوں نے اسٹڈیم میں موجود شائقین کے سامنے گویا دیوالی سے پہلے دیوالی کی آتشبازی کا نظارہ پیش کر ڈالا۔
روہت نے واٹسن کا ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ تو توڑ دیا لیکن وہ ایک اننگ میں چوکوں اور چھکوں کے ذریعے سب سے زیادہ رن بنانے کا واٹسن کا ریکارڈ توڑنے سے محروم رہ گئے۔ واٹسن نے 11/اپریل 2011 کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 ناٹ آؤٹ رنوں کی اننگ میں پندرہ چوکوں اور پندرہ چھکوں کے ذریعے 150 رن بنائے تھے جبکہ روہت نے 209 رنوں کی اننگ میں 12 چوکوں اور 16 چھکوں کی مدد سے 144 رن حاصل کیے۔

Rohit Sharma double century lights up Bangalore on Diwali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں