ٹائکلو بان
(فلپائن)
(رائٹر /یو این آئی/اے ایف پی )
فلپائن کی حکومت نے ہولناک گردابی طوفان \"ہیان\"سے ہوئی تباہی کے پیش نظر امدادی کاموں اور راحت رسانی میں تیزی لانے کیلئے ملک میں قومی سطح پر ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے ۔ دوسری طرف راحت اور بچاؤ کاموں کیلئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں شروع کردی گئی ہیں ۔حکومت نے اندیشی ظاہر کیا ہے کہ طوفان کے نتیجہ میں غالبا 17ہزار 400افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم اس نے یہ بھی کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے ۔ وسیع تر تباہی کے پیش نظر کہا جاسکتاہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے اور صیحح اعداد وشمار سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا ۔ ملک کے صدر بنیکنواکینونے ایک بیان میں کہا کہ لیت اور سمار کے صوبے طوفان میں سب سے زیادہ متاثرہ ہوئے ہیں جہاں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ حکام کو گردابی طوفان سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانہ پر تباہی ہوئی ہے اور اندیشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 20,000تک پہنچ سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق طوفان سے تقریبا 98لاکھ افراد متاثر ہوئے جن میں 6لاکھ 60ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ بڑے پیمانہ پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہر جگہ بہت سے لوگ ہلاک اور بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ اس وقت مکمل افراتفری کا عالم ہے لیکن امید ہے کہ جیسے جیسے امداد پہنچے گی حالات بہتر ہوجائیں گے۔ طوفان کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر کی تباہی کے باوجود امدادی کارکن متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طبی امداد کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دی جار ہی ہے۔ بری طرح متاثر فلپائن میں راحت اور بچاؤ کاموں کیلئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں شروع کردی گئی ہیں اور اسی کے پیش نظر امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی ، اقوام متحدہ اور دیگر گروپ نے راحت رسانی اور بچاؤ کام کیلئے اپنے عملہ کو بھیجنا شروع کردیا ہے ۔ امریکی وزرات دفاع پنٹگان کے مطابق وزیر دفاع چک ہیگل نے جنگی جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن کو راحت رسانی کاموں میں مدد کیلئے فلپائن روانہ ہونے کا حکم دیا ہے۔ فی الحال یہ جہاز سنگا پور میں ہے اور جلد فلپائن پہنچ جائے گا۔ فی الحال یہ جہاز سنگاپور میں ہے اور جلد فلپائن پہنچ جائے گا۔ اس جہاز پر 5ہزار فوجی اور 80سے زائد جنگی طیارے ہیں جو راحت اور بچاؤ کاموں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ جہاز کا پانی کا نظام روزانہ 15لاکھ لیٹر پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو متاثرین کو صاف پانی مہیا کرسکے گا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی فلپائن میں مدد مہم کیلئے اپنے بحری جہاز اور فوجی سپلائی سے متعلق طیارہ کو روانہ کیا ہے۔ برطانیہ نے یہاں اپنے 200فوجیوں کو بھیجا ہے جو آئندہ چند دنوں میں امدادی مہم میں حصہ لیں گے۔ برطانیہ نے ہفتہ کو فلپائن میں غذائی ، خیموں اور صاف پانی مہیا کرانے کیلئے 96لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جرمنی کی جانب سے بھیجی جانے والی ابتدائی امداد فلپائن پہنچ چکی ہے۔ جرمنی کی جانب سے ابتدائی طور پر تقریبا 25ٹن امدادی سامان فلپائن بھیجا جا چکا ہے۔ جس میں ادویا کے علاوہ ٹینٹ، کمبل ، بستر اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ جرمن شہر فرینکفرٹ سے امدادی سامان لے کر ایک طیارہ فلپائنی دار الحکومت منیلا پہنچ چکا ہے ۔ اس سامان میں تقریبا 5.5ہزار کمبل، 3ہزار ٹینٹ اور متعدد اقسام کی طبی اشیاء شامل ہیں۔ اقوام متحدہ نے مہلوکین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے بتا یا کہ صرف سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ٹائکلوبان ہی میں 10ہزار ہلاکتوں کو اندیشہ ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق محکمہ کے آپریشنس ڈائرکٹر جان گنگ کے مطابق عالمی ادارہ کی جانب سے فلپائن میں سمندری طوفان کے متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کی جائے گی۔ اس بارے میں انھوں نے کہا کہ تبا ہ کاریاں بڑے پیمانہ پر ہوئی ہیں اور اسی لئے بڑے ردعمل کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق محکمہ کے سر براہ ویلیر ی آموس فلپائن کیلئے روانہ ہوچکی ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے فلپائن کیلئے فوری طور پر 25ملین ڈالر رقم جاری کی گئی ہے۔
Typhoon Haiyan: National state of calamity declared in Philippines
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں