مظفرنگر میں تازہ تشدد - بلوائیوں کو ملائم سنگھ کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-01

مظفرنگر میں تازہ تشدد - بلوائیوں کو ملائم سنگھ کا انتباہ

سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادونے آج بلوائیوں کو انتباہ دیا جومظفرنگر میں دوبارہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ملائم سنگھ نے کہا کہ ان کے ساتھ آہنی پنجہ سے نمٹاجائے گا۔انھوں نے یہاں پارٹی کے دفتر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک دشمن طاقتیں سرکاری مشنری سے لڑنے کی طاقت نہیں رکھتی ہیں۔انھیں سبق سکھایاجائے گا۔یادو نے1990ء میں ایودھیا میں فائرنگ کے احکام جاری کرنے اپنے فیصلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام پرفائرنگ کرنے پولیس کوہدایت دیتے ہوئے محض مہابھارت کے ارجن کی طرح کام کررہے تھے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی ایودھیااور کشمیر کے تئیں اپنارویہ تبدیل کرتی ہے اور اپنے فرقہ پرستی کے نظریات ترک کرتی ہے توپھر عوام اس کے ساتھ ربط قائم کرسکتے ہیں۔دوسری طرف مظفرنگر میں کل رات دوبارہ تشددپر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہندکے مولاناارشدمدنی نے اس تشدد کے لیے حکومت اترپردیش کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔انھوں نے دعوی کیا کہ اصل خاطیوں کو بچایاجارہاہے اور وہ عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد آزادانہ طور پر گھوم رہے ہیں۔جب تک خاطیوں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل نہیں بھیجاجاتا مظفرنگر اور اس سے متصل اضلاع میں صورتحال پرامن نہیں رہ سکتی۔ڈائرکٹرجنرل پولیس دیوراج ناگرجوگذشتہ روز پیش آئے پرتشددواقعات کے بعد مظفرنگر روانہ ہوئے،آج اس بات کا اعتراف کیا کہ سیکورٹی کوتاہی کی وجہ سے یہ واقعات پیش آئے ہیں۔واضح رہے کہ مظفرنگر میں کل تازہ تشدد کے دوران ایک خاتون سمیت چارافرادکو ہلاک کردیا گیا۔انھوں نے کہا کہ کسی کو بخشانہیں جائے گا۔جن پولیس ملازمین نے اپنے فرائض مناسب طور پر انجام نہیں دئیے،انھیں بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر راجناتھ سنگھ نے مظفرنگر میں تازہ تشدد کے واقعات کو بدبختانہ ٹھہراتے ہوئے آج اکھیلیش یادو حکومت سے ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انھوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مظفرنگر میں تازہ تشدد بد بختانہ ہے۔عوام کو ہم آہنگی برقرار رکھنی چاہیے۔

Muzaffarnagar hit with fresh violence: Mulayam, CM warn communal forces

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں