مولانا آزاد کے پیام کو آگے بڑھانے میں طلبہ اہم ذریعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-05

مولانا آزاد کے پیام کو آگے بڑھانے میں طلبہ اہم ذریعہ

اُردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب میں تحریری و بیت بازی مقابلے ۔ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خواجہ شاہد کا خطاب

مولانا ابوالکلام آزاد کا پیام عوام تک پہنچانے کے لیے نوجوانوں اور طلبہ سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں ہوسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی نے ان کے یوم پیدائش کو شایان شان انداز میں منانے کے لیے امسال ایسے پروگرامس ترتیب دیئے ہیں جن کا محور نوجوان طلبہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد' پرو وائس چانسلر نے آج یوم آزاد تقاریب کے ایک حصے کے طور پر منعقدہ تحریری اور بیت بازی مقابلے کے موقع پر کیا۔ سمیناروں میں ماہرین اور اساتذہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے تھے اور طلبہ ان کی سماعت کرتے تھے لیکن اس بار یوم آزاد تقاریب کمیٹی نے طئے کیا کہ طلبہ کہیں اور سبھی سنیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال غیر مرکزی سرگرمیوں کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو ان تقاریب حصہ لینے کا موقع دیا گیا ہے۔ حیدرآباد ہیڈ کوارٹر کے علاوہ لکھنؤ' دربھنگہ' سری نگر' بنگلور وغیرہ میں بھی یوم آزاد تقاریب کے سلسلے میں طلبہ مرکوز سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تحریری مقابلوں میں زائد از 70 طلبہ نے حصہ لیا اس سے طلبہ کی یوم آزاد تقاریب میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاس روم کے علاوہ آڈیٹوریم اور میدان سے بھی علم حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یوم آزاد تقاریب میں اسی بات پر توجہ دی جارہی ہے۔ یوم آزاد تقاریب کے سلسلے میں اسپورٹس مقابلوں کا اکتوبر کے اواخر میں ہی آغاز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں شرکت کرنے والوں میں سے منتخبہ طلبہ کو قومی سطح کے ثقافتی اور کھیل کود مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہوگی اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیروز عالم نے خیر مقدم کیا۔ پروفیسر خالد سعید' ڈائرکٹر ' مرکز برائے اُردو زبان' ادب و ثقافت ' پروفیسرسید شاہ محمد مظہر الدین فاروقی' ڈائرکٹر مرکز برائے فروغ اساتذۂ اردو ذریعہ تعلیم' پروفیسر عزیز بانو' صدر شعبۂ فارسی و چیف وارڈن' ڈاکٹر محمد یوسف خان' پرنسپال پالی ٹیکنیک' ڈاکٹر نسیم الدین فریس' شعبۂ اردوموجود تھے۔ یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب میں پوسٹر میکنگ / پینٹنگ (یونیورسٹی پرچم) مقابلے کا 5؍ نومبر شعبۂ انگریزی میں 2:30 بجے دن منعقد ہوگا۔ 4 بجے دن نکڑ ناٹک کا آئی ایم سی سبزہ زار پر اہتمام کیا جائے گا۔

MANUU celebrated Maulana Azad day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں