پرانے شہر کی خبریں - old city news 5 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-05

پرانے شہر کی خبریں - old city news 5 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-05

سیاست نیوز
تاریخی مکہ مسجد سے حکومت کی عدم دلچسپی اور مسجد کے معاملات سے لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مکہ مسجد میں خطیب و امام کے تقرر کے متعلق حکومت انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ ستمبر کے اواخر میں مصباح القراء حضرت مولانا عبداللہ قریشی الازہری سابق خطیب و امام مکہ مسجد نے واضح طو پر اس بات کا اعلان کر دیا تھا کہ وہ اپنی میعاد میں توسیع کے متمنی نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے توسیع کے لیے کوئی درخواست داخل کی ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے بعد بھی اس عہدہ کے لیے موزوں شخصیت کا انتخاب کرنے میں کوئی پہل نہیں کی گئی ہے۔
مولانا عبداللہ قریشی کے دور خدمات میں بھی ان کے بھتیجے حافظ رضوان قریشی خطابت و امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کی سبکدوشی کے بعد بھی مسلسل امامت و خطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں ، اور مولانا قریشی نے ارباب مجاز سے اپیل کی تھی کہ وہ حافظ رضوان قریشی کو مستقل خطیب و امام نامزد کر دے تاکہ وہ مستقبل میں بھی اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھ سکیں مگر حکومت کی جانب سے تاحال اس بات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔
مکہ مسجد کے امور کا نگران محکمہ اقلیتی بہبود ہے اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفئر آفیسر کی جانب سے مکہ مسجد کے امور طے کیے جاتے ہیں لیکن اب تک ڈی۔ایم۔ڈبلیو۔او کی جانب سے اختیار کردہ مجرمانہ خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس اہم عہدہ کو حکومت مخلوعہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے مکہ مسجد کے معاملات کی فوری یکسوئی کے لیے یہ ضروری ہے کہ تاریخی مکہ مسجد میں موجود خطیب و امام کے اہم ترین عہدہ پر مستقل شخصیت کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے تنخواہ ایصال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

پریس نوٹ
بشیر اینڈ سرور بابو خان ٹرسٹ کے پریس نوٹ کے بموجب علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر 9/نومبر کو اسپرنگ فیلڈ اسکول کوٹلہ عالیجاہ پر ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا اور طالبات کے لیے ایک بجے دن تعلیمی مقابلہ رکھا گیا ہے۔
علامہ اقبال کے اشعار پر مبنی بیت بازی مقابلہ ہوگا۔ اس کے علاوہ تقریری مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ تقریری مقابلوں کے عنوانات "اقبال اور جذبہ حب الوطنی" ، "بچوں کا اقبال" اور "اقبال اور عشق رسول صلعم" ہوں گے۔ مقابلوں میں شریک ہونے کی آخری تاریخ 7/نومبر مقرر کی گئی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 9849657786 یا 8712814354 پر ربط کریں۔

راست
مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علما دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ محرم الحرام 1435ھ زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علما دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ اضلاع اور دیگر شہروں ممبئی ، دہلی ، پٹنہ ، کانپور ، لکھنؤ سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاعات نہیں ملیں۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 5/نومبر 2013 بروز منگل 30 ذی الحجہ 1434ء ہوگی اور یکم محرم الحرام 1435ھ بروز چہارشنبہ 6/نومبر کو قرار پائے گی۔
علی اصغر جعفری نے بھی اطلاع دی ہے کہ شیعہ مجلس علما و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں مطلع ابرآلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا اور دوسرے مقامات سے بھی چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات ملی ہیں لہذا یکم محرم چہارشنبہ 6/نومبر کو ہوگی۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں