صادق جمال انکاؤنٹر کیس - نائب مشیر قومی سلامتی سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-10

صادق جمال انکاؤنٹر کیس - نائب مشیر قومی سلامتی سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ

سی بی آئی نے 2003کے صادق جمال انکاؤنٹر کیس کے سلسلے میں قومی سلامتی کے نائب مشیر اور انٹلیجنس بیورو کے سابق چیف نہچل سندھو سے پوچھ گچھ کی ہے۔ سی بی آئی ذرائع نے بتا یا کہ سندھو سے یہاں جاریہ ہفتہ اس انکاؤنٹر کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کی گئی جو یہاں انٹلیجنس عہدیداروں کی ایک خفیہ اطلاع کے بعد پیش آیا تھا۔ ذرائع نے بتا یا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی کے سینئر عہدیدار شاید اس انکاؤنٹر کے بارے میں خفیہ اطلاع دینے میں ملوث رہے ہوں جس کی وجہ سے ان سے پوچھ گچھ ضروری ہوگئی ہے۔ انٹلیجنس بیورو نے یہ اطلاع دی تھی کہ صادق جمال ، سینئر بی جے پی قائدین بشمول چیف منسٹر گجرات نریندر مودی ، ایل کے اڈوانی اور بعض وی ایچ پی قائدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ انٹلیجنس بیورو کی جانب سے دی گئی اطلاع ہی بھاؤ نگر کے ساکن صادق جمال کی ہلاکت کا سبب بنی تھی۔ گجرات کرائم برانچ کے عہدیداروں نے 13جنوری 2003کو احمد آباد کے مضافاتی علاقہ میں گیلاکسی سنیما کے قریب ایک انکاؤنٹر میں صادق جمال کو ہلا ک کردیا تھا۔ سندھو اس وقت انٹلیجنس بیورو کے جوائنٹ ڈائرکٹر ( آپریشن ) کے عہدے پر فائز تھے۔ ذرائع نے بتا یا کہ سندھو کی جانب سے اطلاع کی فراہمی ، جمال کی ممبئی پولیس کی تحویل سے گجرات منتقلی اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ سی بی آئی نے انٹلیجنس بیورو کے دیگر سابق عہدیداروں سے پوچھ گچھ کے دوران یہ معلومات حاصل کی تھیں۔ قبل ازیں سی بی آئی نے انٹلیجنس بیورو کے خصوصی ڈائرکٹر اور راجندر کمار سے اس انکاؤنٹر کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کی تھی۔ راجندر کمار، جولائی میں انٹلیجنس بیورو کے خصوصی ڈائرکٹر کے عہدہ سے سبکدوش ہوئے جب کہ سدھیر کمار جو 1968بیاچ کے آئی پی ایس عہدیدار ہیں، سنٹرل و یجلنس کمشنر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا تھا تو انھیں انٹلیجنس بیورو کے خصوصی ڈائرکٹر کے عہدہ پر تعینات کیا گیا تھا۔ جمال کے بھائی شبیر نے اس وقت کے جوائنٹ ڈائرکٹر ( آئی بی) راجندر کمار ، گجرات کے سابق وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر کے اس انکاؤنٹر میں مبینہ رول کی مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Deputy National Security Advisor quizzed by CBI in encounter case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں