۱۱ نومبر ۔ چن پٹن (کرناٹک) ۔ ایس این بی
یہاں کے ایلے کیری کے قریب رام پورہ کے تالاب میں تیراکی سیکھنے گئے پانچ بچوں میں دو سگے بھائی پانی میں ڈوب کر فوت ہوگئے ۔ مرنے والے بچوں کی شناخت ،ٹیپو نگر میں مقیم سید نیاز کے دو بیٹے سید تبریز ۱۴ سال اور سید عمران ۱۲ سال کی طرح ہوئی ہے ۔ یہ دونوں بچے ڈوم لائٹ سرکل کے پیٹہ اسکول میں چوتھی اور ساتویں جماعت کے طالب العلم تھے ۔ رام پورہ کے تالاب سے ان دونوں کی لاشوں کو نکال کر یہاں کے سرکاری اسپتال کو پوسٹ مارٹم کیلئے لایا گیا۔ سرکاری اسپتال میں موجود اصرار قادری نے بتایا کہ کل شام چند بچے ٹیپو نگر کی ریلوے کراسنگ پار کرکے رام پورہ کے تالاب میں تیراکی سیکھنے گئے تھے ، اس دوران عمران کو پانی کی مرغی کا گھونسلہ نظر آیا ، اس میں انڈے اٹھانے کی غرض سے وہ ایک دلدل میں پھنس گیا ۔ بڑا بھائی اسکو بچانے گیا مگر دونوں دلدل میں پھنس کر فوت ہوگئے ۔ کچھ ہندو بھائیوں نے بھی تالاب میں لاشوں کو تلاش کرنے میں مدد کی ، دونوں بچوں کی لاشوں کو باہر نکالا گیا ۔ سرکاری اسپتال میں دونوں بچوں کا پوسٹ مارٹم کرکے رشتہ داروں کے حوالے کردیا گیا اور ایسٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر رکن بلدیہ لیاقت علی خان بھی موجود تھے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں