اسکولوں میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے 1 لاکھ اساتذہ کو تربیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-05

اسکولوں میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے 1 لاکھ اساتذہ کو تربیت

اسکولوں میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے 1 لاکھ اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن
اسکولوں میں اساتذہ اور طلباء کو موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی

اسکولوں میں ہونے والے سائبر کرائم کی روک تھام اور ان جرائم کی تحقیقات کرنے کیلئے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے 1لاکھ اساتذہ کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ کے اعلامیہ کے مطابق تربیت کا آغاز چنئی میں اگلے ہفتے سے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت اسکول کے طلباء کی حفاظت کے لیے کئی اقدامات اٹھاتی آرہی ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی اسکولوں میں ناگوار واقعات پیش آجاتے ہیں۔ اسکول کے طلباء کی حقوق کی حفاظت اور کمسن طلباء کے ساتھ جنسی ہراسانی جیسے بھیانک جرائم کو روکنے کے لیے حکومت نے پچھلے سال حکمنامہ جاری کیا تھا، جس میں خاطی اساتذہ کو لازمی ریٹائرمینٹ،اسکول سے برخاست ، اور ان کے سر ٹیفیکٹ کو منسوخ کرنے کی تجویز پیش کیا گیا تھا۔ اس حکم نامہ پر عملدرآمد کرنے کے لیے ریاست تمل ناڈو کے 32اضلاع کے ابتدائی اور پرائمری ایجوکیشن افسران ،اور15میٹریکولیشن اسکول انسپکٹرس، کو تربیت دیا گیا تھا۔ اس حکمنامہ کے بعد طلباء کے ساتھ بدسلوکی اور غیر اخلاقی حرکت کرنے والے اساتذہ پر کارروائی بھی کی گئی ۔ اسی طرح اب محکمہ اسکول ایجوکیشن
نے اسکولوں میں سائبر جرائم میں ملوث ہونے اساتذہ یا طلباء کو ان جرائم سے باز رکھنے کے لیے محکمہ نے مذکورہ اقدام کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چنئی میں پہلے مرحلے کے طور پر 500اساتذہ کو اسکولوں میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اس تعلق سے تربیت یافتہ اساتذہ ریاست بھر کے 1لاکھ اساتذہ کو تربیت دیں گے۔ اساتذہ کو مذکورہ خصوصی تربیت محکمہ پولیس کے سائبر کرائم ڈویژن کا عملہ اور افسران کی جانب سے دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے زیر نگراں چلنے والے اسکول، ابتدائی اسکول ایجوکیشن کے زیر نگراں چلنے والے اسکول میں پڑھنے والے طلباء وطالبات اور اساتذہ کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ اسکول کے احاطے کے اندر موبائل فون لانا اورموبائل فون کا استعمال کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال سے کئی طلباء کو جرائم کی طرف مائل ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے،اور اس وبال کا شکار ہونہار اور محنتی طلباء بھی ہوجاتے ہیں۔ مفکرین کا ماننا ہے کہ اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے، نیز والدین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول یا گھروں میں موبائل فون اور دیگر سوشیل میڈیا کا غلط استعمال کرنے نہ دیں، ان پر نگرانی رکھیں اور ان پر بے جا محبت کے نام پر ان کے مستقبل کو اور اپنے توقعات کو نہ بگاڑلیں۔

Schools to train 1 lakh teachers to stop cyber crimes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں