تمل ناڈو میں اگلے 48 گھنٹے بھاری برسات ہوگی - محکمہ موسمیات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-21

تمل ناڈو میں اگلے 48 گھنٹے بھاری برسات ہوگی - محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ اگلے 48گھنٹے جنوبی تمل ناڈو اور کیرلا کے علاقوں میں شدید بارش ہوگی۔واضح رہے کہ جنوب مغربی بنگال کی خلیج میں پیداہوئی بارش کی گردش کے سبب تمل ناڈو کے مختلف مقامات پر پچھلے دو دن سے شدید بارش ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست تمل ناڈو میں ورودونگر اور پلاچی میں 10سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اسی طرح سواکاسی ،ارنمنائی پدور، پامبن اور کوئیلم پاکم میں 7سینٹی میٹر اور ترو واڈانئی،پریا نایکن پالئیم،ناگر کوئل اور مئیلا ڈو میں6سینٹی میٹر بارش ریکار ڈ کی گئی ہے۔ چنئی اور مضافات میں آج صبح ہی سے کچھ علاقوں میں بھاری اور کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ اسی طرح ریاست تمل ناڈو کے تمام علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 48گھنٹے،جنوبی تمل ناڈو میں بھاری بارش ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اور ریاست کے شمالی اضلاع میں کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور کچھ علاقوں میں بجلی کی گرج کے ساتھ بارش ہونے کی اطلاع دی ہے۔ چنئی کے تعلق سے محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ کچھ علاقوں میں آسمان ابر آلود رہے گا اور کچھ علاقوں میں بارش ہو گی۔ دریں اثناء ریاست تمل ناڈو کے جبوبی اضلاع میں پچھلے دو دونوں سے زبردست بارش ہو رہی ہے۔ ترونیل ویلی اور تروننا ملائی میں ہوئے بجلی کی گرج کے ساتھ شدید بارش ہوئی ہے۔ ان دونوں اضلا ع میں بجلی کے گرنے سے 3 خاتون سمیت 5افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ ترونیل ویلی ضلع میں ایک ہی دن میں بجلی کی زد میں آکر تین افراد کی موت واقع ہونے سے اس علاقے کے عوام میں افسردگی چھا ئی ہوئی ہے۔ ترونیل ویلی ضلع میں بجلی کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے دو افراد درائی پانڈی عمر 22سال اور لکشمنن عمر 21سال یہ دونوں بارش کے دوران مندر کی عمارت میں مرمت کا کام کر رہے تھے۔ بارش کے زیادہ ہونے پر وہ دونوں مندر کے قریب موجود ایک درخت میں پناہ لینے کے لیے کھڑے ہوئے تھے۔ اور اس درخت پر اچانک بجلی گرنے کی وجہ سے دونوں کم عمر نوجوان موقع پر ہی ہلا ک ہوگئے۔ اسی ضلع کی ایک اور خاتون مریمال عمر 65 سال جواس علاقے میں موجود ایک باغ میں کام کرنے کے بعد گھر واپس لوٹ رہی تھی اور راستے میں بجلی گرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ اسی طرح ترو وناملائی ضلع ،وندواسی میں کل صبح سے شام تک بھاری برسات ہورہی تھی۔اور اس ضلع میں جیا ، عمر 40سال اور منی امال ، عمر 46پر بجلی گرنے سے جیا موقع پر ہی ہلاک ہوگئی ۔ لیکن منی امال کو شدید زخمی حالت میں ونداواسی سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہے۔ اسی ضلع کے ایک دیہی علاقے میسانلور میں وجئے لکشمی نامی خاتون عمر 36پر بجلی گرنے سے وہ موقع پر ہلاک ہوگئی۔ اس کے علاوہ مدورائی ضلع میں ہورہی بھاری برسات کی وجہ سے تقریبا 50سے زائد مکانات میں برسات کا پانی گھس آیا ، اور کئی علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہونے کے اطلاعات ہیں اور ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کی وجہ سے مالی نقصانات ہونے کے اطلاعات موصول ہوئے ہیں۔

expected heavy rainfall in tamilnadu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں