بھنڈی بازار کے مسلم محلوں میں تعلیمی مہم کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-06

بھنڈی بازار کے مسلم محلوں میں تعلیمی مہم کا آغاز

امام باڑہ میونسپل اردو اسکول میں تعلیمی بیداری مہم کے پیش نظر تعلیمی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ اس ریلی کو نکالنے کا خاص مقصد جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے لوگوں کو تعلیم کے فوائد سے روشناس کروانا تھا۔ یہ ریلی امام باڑہ سے ہوتی ہوئی واڑی بندر تک پہنچی، وہاں پہنچ کر اسکو ل کے اساتذہ نے گھر گھر جاکر لوگوں کو علم کی اہمیت و افادیت سے روشنا س کروایا۔ میونسپل اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو سرکار کیا سہولتیں فراہم کرتی ہے یہ معلومات بھی دی۔ اس ریلی کا ایک خاص مقصد یہ بھی تھا کہ جو بچے بیچ میں تعلیم چھوڑدیتے ہیں ان کو پھر سے تعلیم کی طرف راغب کیا جائے۔ اسکول انتظامیہ کمیٹی کے ممبر اردو مرکز کے ڈائرکٹر زبیر اعظمی نے وہاں پر موجود لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آج کے دور میں تعلیم بہت مہنگی ہے۔ مگر آپ لوگوں کے لیے سرکار مفت میں تعلیم کا انتظام کیا ہے، تو اس کا فائدہ آپ لوگوں کو اپنے بچوں کو دلوانا چاہیے۔جس طرح آپ اپنے دوسرے سبھی کاموں کو اہم سمجھتے ہیں اسی طرح پڑھائی بھی بہت ضروری سمجھتے ہوئے اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں۔ اردو مرکز کے جنرل سکریٹری ایس ایم سی ممبر فرید خان نے کہا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ سرکار فی بچہ ساڑھے چار ہزار روپیہ پڑھائی میں خرچ کرتی ہے، اور اگر آپ اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے تو یہ پیسے سرکاری خزانے میں واپس چلے جاتے ہیں ۔ لہذا آپ تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنے بچوں کو اسکول ضرور بھیجیں ۔ اردو مرکز کی بزم خواتین کی کنوینر محترمہ شبانہ نے علم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے بچوں کو ضرور پڑھائیں تاکہ جن تکلیف کا سامنا آپ کو کرنا پڑا ہے ان کو نہ کرنا پڑے۔ علم کی اہمیت کو اور بھی زیادہ واضح طور پر سمجھانے کیلئے کا ولیا این جی او کے ممبران حنا فرولا اور مقصود امام نے ایک نکڑ ناٹک پیش کیا۔ اس نکڑ ناٹک کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے اس ڈرامہ میں اسکول کے چھوٹے چھوٹے بچوں اور اساتذہ کو بھی شامل کیا ور بچوں اور اساتذہ کے ڈرامے کے ساتھ پورا پورا انصاف کیا ۔ حتی کہ ایچ ایم نے بھی حصہ لیا اور داد تحسین وصول کیا ۔امام باڑہ میونسپل اردو اسکول کے اساتذہ خدیجہ آپا بی او فریدہ انصاری ڈپٹی ای او چراٹے ، شاہینہ آپا ، فریدہ آپا ، لطیفہ آپا مس عذرا اور محترمہ شائستہ شبانہ شاداب اور دیگر ایس ایم سی ممبران نے اس ریلی میں شرکت کرکے ریلی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

education campaign launched in muslim areas of bhindi bazar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں