سشیل کمار شنڈے کا کل ہند - پاک سرحد کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-21

سشیل کمار شنڈے کا کل ہند - پاک سرحد کا دورہ

ہند پاک سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر جاری کشیدگی کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے منگل کو جموں وکشمیر کے اگلے علاقوں کا دورہ کریں گے۔ سشیل کمار شنڈے اپنے دورہ کے دوران بین الاقوامی سرحد پر چند چوکیوں کا بھی معائنہ کریں گے جہاں بارڈر سیکوریٹی فورس متعین ہے اور وہاں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر داخلہ توقع ہے کہ چیف منسٹر عمر عبداللہ کے علاوہ دونوں ریاستی و مرکزی حکومتوں کے سیکور یٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے تاکہ سرحد پر صور تحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ سشیل کمار شنڈے نے پی ٹی آئی کو بتا یا کہ وہ سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان کی جانب سے اس سال کے اوئل سے بلا اشتعال فائرنگ اور مار ٹر شل باری کے باعث بین الاقوامی سرحد کے علاوہ لائن آف کنٹرول پر مسلسل کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس سال ابھی تک جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات سے تقریبا ایک درجن ہندوستانی سپاہی ہلا ک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ جمعہ کی رات کو کم از کم 14ہندوستانی اگلی چوکیوں اور شہری علاقوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا یا گیا تھا جس پر بی ایس ایف نے اپنے ہم منصب پاکستان رینجرس سے شدید احتجاج درک کرایا تھا۔ بی ایس ایف جو بین الاقوامی سرحد کی نگرانی کرتی ہے مرکزی وزرات داخلہ کے تحت ہے۔ گزشتہ مہینہ تین پاکستانی دہشت گرد بین الاقوامی سرحد پار کرکے در انداز ہوئے اور جموں علاقہ کے ایک فوجی کیمپ کے علاوہ ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا تھا اس کے نتیجہ میں ایک فوجی عہدیدار کے بشمول 10افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی دوران ہند و پاک بین الاقوامی سر حد کے نزدیک مسلسل بڑھتی کشیدگی کے درمیاں جموں و کشمیر کے سچیت گڑھ سیکٹر سے تقریبا 200سے زائد دیہی باشندوں کو جمو ں و کشمیر کے رنبیر سنگھ پورہ سیکٹر میں منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحد پر ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے خدشہ کے پیش نظر دیہی باشندوں کو محفوظ مقامات پر بھیجا گیا ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ سرحد کے نزدیک گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپنے گاؤں چھوڑنے والے زیادہ تر خاندانوں نے ایک مرد رکن کو ان کی غیر منقولہ جائیداد کی دیکھ بھال کے لئے گھروں میں ہی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زیادہ تر گاؤں والوں نے کمیونٹی سینٹر میں عارضی طور پر پناہ لی ہے جب کہ کچھ جموں شہر میں اپنے رشتہ داروں کے گھر چلے گئے ہیں۔ سچیت گڑھ کے ایک باشندے نے یو این آئی کو بتا یا کہ پاکستان کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ اور مارٹر سے حملے میں اب رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا یا جارہا ہے۔

Sushilkumar Shinde to visit India-Pakistan border

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں