اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ مفتی اعظم شیخ عبد العزیز کا خطبہ حج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-15

اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ مفتی اعظم شیخ عبد العزیز کا خطبہ حج

Grand Mufti Sheikh Abdul Aziz al-Sheikh
مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز آل الشیخ نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور امن کی بات کرتا ہے۔ اسلام دہشت گردی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ لاکھوں حاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز نے خطبہ حج میں کہا کہ اسلام نے امن کی تعلیم دی ہے ۔ یہ دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔ مسلمانوں کو امن پسند ی کا مظاہر ہ کرنا چاہئے۔ مسلمان اپنی قوت کو پارہ پارہ ہونے نہ دیں۔ مفتی اعظم نے کہا کہ مسلمان بھائیوں پر جو مصائب آتے ہیں ان پر صبر کرنا چاہئے، یہی اسلام کی تعلیم ہے۔ آج امت محمدیہ مشکل دور سے گذر رہی ہے۔ اسلامی ملکوں کے سر براہان عوام کی خیر خواہی اور آسانیاں پیدا کریں۔ حکمران عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے اقدامات کریں ، جبکہ علماء کو چاہئے کہ تقوی اور اخلاص کو اختیار کریں۔ مسلمان اپنی سیاسی اور اخلاقی قوت کو ضائع نہ کریں۔ اگر کوئی اپنی قوت کو ضائع کرتا ہے تو وہ جاہل ہے۔ انھوں نے مسلمانوں کو تمام باطنی برائیوں سے بچنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ برائیوں سے انسان اللہ کی بارگاہ سے دور ہوجاتا ہے۔ اللہ نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے حقوق کا پابند کیا ہے۔ شیخ عبد العزیز نے خطبے میں کہا کہ کسی انسان کا ناحق خون کرنے والے کا ٹھکانہ جہنم ہے اور اسلام دہشت گردی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ آج دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی اسلام مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریعت کو نافذ کرنے سے کامیابی قدم چومے گی۔ مفتی اعظم نے کہا کہ اگر اسلام کے اقتصادی نظام کو اپنا یا جائے تو دینا سے معاشی بحران ختم ہوجائیں گے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز الشیخ نے اپنے خطبہء حج میں بہار عرب سے پیدا شدہ ہیجان کا بصراحت ذکر کئے بغیر مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ انتشار، ہنگاموں اور گروہ واریت سے گریز کریں ۔ عالم اسلام سے اپنے خطا ب میں انہوں نے کہا کہ آپ کی قوم آپ کے پاس امانت ہے ۔ آپ کو اس کی سلامتی ، استحکام او رو سائل کی حفاظت کرنی چاہئے۔ آپ کو جان لینا چاہئے کہ آپ کے دشمن آپ کو نشانہ بناتے ہیں اور آپ کی صفوں میں گڑ بڑ پھیلانا چاہتے ہیں۔ اب وقت آچکا ہے کہ ہم اس کا مقابلہ کریں۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم نے شام کا بصراحت ذکر نہیں کیا جہاں سعودی عرب ک حمایت کے حامل سنی زیر قیادت باغی، علوی زیر قیادت حکومت کے ساتھ بر سر پیکار ہیں۔ ( علوی فرقہ ، شیعہ اسلام کی ایک شاخ ہے اور شیعہ ایران و نیز حزب اللہ سے قریبی طور پر ملحق ہے) شیخ عبد العزیز نے یاد دلایا کہ اسلام میں ہلاکتوں اور جارحیت سے منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اسلامی تعلیمات کی پابندی کئے بغیر امت مسلمہ کے لیے نجات یا مسرت کی کوئی راہ نہیں ہے"۔

No room for terrorism in Islam, says Grand Mufti Sheikh Abdul Aziz al-Sheikh in hajj sermon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں