مسیحی - مسلم تعلقات کے فروغ میں مسلم اسکالروں کا کلیدی رول - خصوصی خطبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-15

مسیحی - مسلم تعلقات کے فروغ میں مسلم اسکالروں کا کلیدی رول - خصوصی خطبہ

ہندوستان میں مسیحی مسلم تعلقات کی روایت بہت قدیم ہے۔ اس میں نمایاں اضافہ اس وقت ہوا جب اکبر کے دور میں مغل دربا ر میں عیسائی علماء کی ایک جماعت کو پرتگال سے مدعوکیا گیا۔ بعد کے ادوار میں بھی مسیحی مسلم تعلقات کی یہ روایت آگے بڑھتی رہی۔ برطانوی عہد میں سر سید اور ان کے رفقاء نے مسیحی مسلم تعلقات کی استواری میں نمایاں رول ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں مقیم مشہور امریکی مسیحی اسکالر ڈاکٹر چارلس ایم ریمزی نے آج یہاں نہرو گیسٹ ہاؤس میں مسیحی مسلم تعلقات کی تاریخ پر خصوصی خطبہ دیتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹڑ چارلس کے خطبہ کا اہتمام ذاکر حسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے کیا تھا۔ ڈاکٹر ریمزی نے مزید کہا کہ مسیحی مسلم تعلقات کی روایت کو آگے بڑھانے میں متعدد مسلم اسکالروں نے کلیدی رول ادا کیا۔ ان اسکالروں نے نہ صرف یہ کہ عیسائی مذہبی کتب کا مطالعہ کیا بلکہ عبرانی زبان سیکھ کر اس روایت کو اور بھی مضبوط کیا۔پروفیسر رفاقت علی ، سابق ڈین فیکلٹی آف ہومینٹیز اینڈ لنگویجز نے کہا کہ مسیحی مسلم تعلقات میں دراڑیں پہلی عالمی جنگ کے بعد پیدا ہوئیں۔ ڈائرکٹر ذاکر حسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز پرو فیسر اخترا لواسع نے مہمان خطیب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر چارلس ایم ریمزی اسلام پر مسیحی اسکالرز میں ایک ابھرتا ہوا نام ہے۔ پرو فیسر کرسچین ڈبلیو ٹرال کے بعد وہ دوسرے مسیحی اسکالر ہیں جنہوں نے سر سید پر کام کیا ہے۔ پرو فیسر واسع نے موضوع کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے دو بڑے مذاہب کے درمیان بقائے باہم کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ مثبت تفہیم کے رجحان کو فروغ دیا جائے اور اس کے لئے قرآن مجید کا اصول سب سے کامیاب نسخہ ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ارضی احمد کمال، صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے مہمان خطیب اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ خطبہ میں ٹام کنن کال، صدر اسلامک اسٹڈ یز ایسوسی ایش ، لارڈ سمے، فادر وکٹر ایڈون نے خاص طور پر شرکت کی۔نمایاں شرکاء میں پروفیسر اقتدار محمد خان، پر وفیسر محمد اسحاق، ڈاکٹر فریدہ خانم، ڈاکٹر سید شاہد علی، جنید حارث، ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر محمد مشتاق، ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈاکٹر عمر فاروق ، ڈاکٹر تجمل حسین ، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور ڈاکٹر ذہین اختر ندوی کے علاوہ بڑی تعداد میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے ریسرچ اسکالرس اور طلا نے شرکت کی۔

Lecture on muslim christian relationship

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں