مہارشٹرا حکومت کی نئی بزرگ شہری پالیسی - کابینہ میں منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-01

مہارشٹرا حکومت کی نئی بزرگ شہری پالیسی - کابینہ میں منظوری

اپنے ضعیف والدین کا خیال نہ رکھنے والی اولادوں کی اب خیر نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کی نئی 'بزرگ شہری پالیسی'کے مطابق اگر بوڑھے ماں باپ شکایت کرتے ہیں کہ ان کے بچے ان کا خیال نہیں رکھتے تو ایسی اولادوں کو 'ڈیفالٹر 'قرار دیا جائے گااور اسکی اطلاع اخباروں میں دی جائے گی۔ پیر کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں 'بزرگ شہری پالیسی 'کو منظوری دی گئی۔ ریاستی حکومت نے سینئر سٹیزن کی عمر کو ۶۰سال سے بڑھا کر ۶۵سال طے کیا ہے۔ عمر کی میعاد بڑھانے کے معاملے پر تنازع پیدا ہوگیا ہے اور کابینہ کی میٹنگ میں وزراء نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت کی طرح ریاستی حکومت بھی سینئر سٹیزن کی عمر کی میعاد ۶۵کے بجائے ۶۰ سال کرے۔
ریاستی کابینہ کی میتنگ کے بعد سرکاری گیسٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی پر تھوی راج چوہان نے 'بزرگ شہری پالیسی ' کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بوڑھے ماں باپ کا اچھی طرح خیال نہ رکھنے والی اولادوں کے خلاف شکایت ملتی ہے تو اس کی لسٹ تحصیل سطح پر اخباروں میں شائع کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سینئر سٹیزن سینٹر بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ سینئر سٹیزن کے تعلق سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ مہار اشٹرا کے وزیر اعلی پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ ریاستی کابینہ نے بزرگ شہری پالیسی کو ہری جھنڈی دے دی ہے مگر اس پالیسی کے تعلق سے بہت سارے مشورے آئیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ایم پی اور ایم ایل اے فنڈ سے 'وردھ آشرم کی تعمیر کے لیے رقم فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ 'بزرگ شہری پالیسی' پر عملدر آمد کے لئے وزیر اعلی کی صدارت میں 'مہاراشٹرا اسٹیٹ بزرگ شہری کونسل 'تشکیل دی جائے گی اور سبھی محکموں سے رابطہ قائم کرنے کیلئے 'بزرگ شہری کمشنریٹ'بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی چوہان نے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے سے ریاست کے ۷ فیصدی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

معمر شہری پالیسی کے چند اہم نکات
* اقتصادی منصوبہ بندی، ہیلتھ سینٹر اور تناؤ کی صورت میں ان کے لئے کاؤنسلنگ سینٹر
*نجی اور سرکاری 'وردھ آشرم 'کا رجسٹریشن ، وردھ آشرم میں رہنے والے بزرگوں کے اقتصادی ، ذہنی ، جسمانی استحصال پر روک لگانے کی کوشش
* معمر افراد کو تجارتی ٹریننگ
* ریاستی حکومت کے ماتحت چلنے والے سبھی وردھ آشرم کو شہری اور دیہی علاقوں میں قائم کرنے کیلئے ڈی سی رول میں ضروری ترمیم پر غور
* مہا ڈا اور سڈکو کی ہاؤسنگ پالیسی میں بزرگ شہریوں کو ضروری سہولیات
* مختلف رہائشی کمپلیکس میں وردھ آشرم کی تعمیر کے لئے زائد ایف ایس آئی
*معمر افراد کے تحفظ کے لئے ، وارڈن یوجنا نیز مقامی پولیس تنظیموں کے مابین رابطہ کمیٹی
* ممبئی میں ۷۰ سال سے زائد بزرگ شہریوں کی مدد کے لئے شروع کی گئی ہیلپ لائن نمبر ۱۰۳/اور ۱۰۲۹/ریاست کے سبھی اضلاع میں شروع کی جائے گی۔
*سنیما اور ڈراما تھیٹروں میں بزرگ شہریوں کو ٹکٹ کی شرح میں چھوٹ دینے اور سیٹ مختص کرنے، بزرگ شہری دن منانے اور مفت کتابیں دینے کی اسکیم
* کام کرنے والے با صلاحیت بزرگ شہریوں کو تجارت کرنے کیلئے قرضہ کی سہولت

The Maharashtra Cabinet Approved A Policy for Senior Citizens

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں