لالو پرساد اور جگدیش شرما لوک سبھا کی رکنیت سے محروم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-23

لالو پرساد اور جگدیش شرما لوک سبھا کی رکنیت سے محروم

سپریم کورٹ کی حالیہ رولنگ کے بعد صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو اور جنتادل یو لیڈر جگدیش شرما کو ، لو ک سبھا کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔ ملک میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا کیس ہے۔ چارہ اسکام میں عدالت نے لالو پرساد اور جگدیش شرما دونوں کو خاطی قرار دیا تھا۔ 65سالہ لا لو پرساد ، بہار کے حلقہ لوک سبھا سرن سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ جملہ 11سال کے لئے نا اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ یعنی 5سال کی سزائے قید اور ان کی رہائی کے بعد 6سال تک وہ ایوان کی رکنیت کے اہل نہیں رہیں گے۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل ایس بال شیکھر کے جاری کردہ اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ لالو پرساد، ماضی میں بہار کے چیف منسٹر اور مرکزی وزیر ریلوے بھی تھے۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں جھار کھنڈ کی ایک عدالت نے انہیں 5سال جیل اور 25لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ 63سالہ جگدیش شرما، جو بہارکے حلقہ جہان آباد کی نمائندگی لوک سبھا میں کرتے تھے، 10سال کے لئے ایوان کی رکنیت سے نا اہل قرار دیئے گئے ۔ یعنی 4سال کی جیل اور اس کے بعد کے 6سال کے لئے وہ انتخاب نہیں لڑسکیں گے۔ ا س سلسلہ میں شیکھر نے ایک علیحدہ اعلامیہ جاری کیا۔ جگدیش شرما کو عدالت نے چارہ اسکام میں 4سال کی سزا ئے قید سنائی تھی۔ دونوں ارکان کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بارے میں الیکشن کمیشن کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے اور لوک سبھا کی دو نشستیں خالی ہونے کا تذکرہ بھی کردیا گیا ہے۔ پرساد اور شرما کو نا اہل قرار دیئے جانے کا ، اپنی نوعیت کا یہ دوسرا کیس ہے ۔ یعنی کل ہی رکن راجیہ سبھا رشید مسعود کو ایوان بالا کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا گیا تھا۔ رشید مسعود کا نگریس کے رکن راجیہ سبھا تھے۔

Lalu Prasad, Jagdish Sharma disqualified from Lok Sabha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں