جماعت اسلامی فساد متاثرین کیلئے 200 مکانات تعمیر کرائے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-25

جماعت اسلامی فساد متاثرین کیلئے 200 مکانات تعمیر کرائے گی

جماعت اسلامی ہند نے مظفر نگر فساد متاثرین کے لئے 200مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ جماعت کے کل ہند سکریٹری جنرل نصرت علی کی قیادت میں جماعت کے مرکزی ذمہ داران پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد کے مظفر نگر کے فساد زدہ علاقوں اور ریلیف کیمپوں کے دورے اور ریلیف و راحتی سر گرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد متاثرین کے لئے مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفد نے جماعت کے ریلیف کے کاموں کے جائزے کے علاوہ، متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور انکے احوال کی جانکاری لی ساتھ ہی کیمپوں کے ذمہ داران کو بنیادی ضرورت کا سامان فوری مہیا کروانے کا یقین دلایا ۔ حالیہ دنوں میں جماعت کی ریلیف کمیٹی نے تمام ریلیف کمیپوں کا مکمل سروے کیا تھا جس میں تقریبا تمام فساد متاثرین کے جانی مالی اور املاک کے نقصانات کی تفصیلات شامل ہیں۔ وفد نے لوئی کے علاوہ شاہ پور ، بسی کلاں اور بڈھانا کے ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے کہ جماعت نے ان ہی کیمپوں سے ایک ہزار فیملیوں کو ریلیف اور باز آباد کاری کے لئے منتخب کیا تھا۔ بارش اور سردی سے حفاظت کرنے کے لیے جماعت پر فیملی کے لیے ایک الگ TENTتعمیر کروارہی ہے اور موسم کی مناسبت سے دیگر ضروری اشیاء بھی فراہم کررہی ہے۔ بڈھانا میں صحافیوں کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے وفد کے رہنما نصرت علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی باز آبادی کاری کیلئے جلد از جلد اقدام کرے اور انکے نقصانات کو دیکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ معاوضہ دینے کا انتظام کرے اور انکے گھروں پر انکی واپسی کو یقینی بنائے اور انھیں پورا تحفظ فراہم کرائے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وفد کا احساس ہے کہ فسطائی طاقتوں کے ذریعہ مسلمان اور جاٹ برادری کے درمیان نفرت کی جو کھائی بنائی گئی ہے اس کو پاٹنا حکومت کے ساتھ ساتھ تمام امن پسند لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی دونوں فرقوں کے مذہبی رہنماؤں کو آپسی بھائی چارگی اور خوش گوار تعلقات استوار کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔

Muslim organisation Jamaat-e-Islami to build 200 houses for riot victims in Uttar Pradesh's Muzaffarnagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں