حجامہ سنت طریقہ علاج بہت سے امراض میں شفاء - نظام آباد میں حجامہ طریقہ علاج پر لیکچر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-02

حجامہ سنت طریقہ علاج بہت سے امراض میں شفاء - نظام آباد میں حجامہ طریقہ علاج پر لیکچر

Hijama-Cupping-treatment-lecture-in-nizamabad
نظام آباد میں حجامہ طریقہ علاج پر ڈاکٹر محمد احسن فاروقی کا لیکچر و ہیلتھ کیمپ
نظام آباد30ستمبر(ای میل) حجامہ ایک سنت طریقہ علاج ہے۔ اور اس علاج سے بہت سے امراض سے شفا ء ہورہی ہے۔ اس علاج کے بارے میں کئی احادیث مبارکہ ہیں۔ اور اللہ کے رسولﷺ کو سفر معراج کے موقع پر ہدایت ملی تھی کہ اپنی امت کو حجامہ کی ہدایت دی جائے وہ بہت سے امراض سے پاک رہی گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد احسن فاروقی اسوسی ایٹ پروفیسر نظامیہ طبی کالج نے فیضان ایجوکیشن ٹرسٹ سرپرست ڈاکٹر سمیع امان کے زیر اہتمام کنگس پیالس فنکشن ہال میں منعقدہ حجامہ لیکچر و ہیلتھ کیمپ سے کیا۔ ڈاکٹر محمد احسن فاروقی نے کہا کہ اس علاج کی افادیت کا یہ عالم ہے کہ چین نے اسے اپنا قومی علاج قرار دیا ہے۔ اور وہاں کے اتھلیٹ اور آرٹسٹ اپنا مظاہرہ بڑھانے کے لئے حجامہ کرواتے ہیں۔ عرب علاقوں میں یہ علاج مقبول ہے۔ اور وہاں سے لوگ ہندوستان میں اپنے رشتے داروں کو علاج کروانے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنت طریقہ علاج ہے اور ہم سنت کی تکمیل اور سنت کے احیاء کی نیت سے احادیث میں اس علاج کے بتائے گئے طریقوں کے مطابق حجامہ کرائیں تو بہت افادیت ہوگی۔ انسانی جسم میں فاسد خون ہوتا ہے جو دوران خون میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے۔ جس سے مختلف قسم کے درد اور امراض پیدا ہوتے ہیں۔ حجامہ کے بارے میں احادیث میں جسم انسانی کے دو سو سے ذیادہ مقامات بتائے گئے ہیں جہاں حجامہ کے عمل سے فاسد خون نکالا جاتا ہے۔ اور مریض کو آرام ملتا ہے۔ اور شفا ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمد احسن فاروقی نے لیکچر کے دوران علاج کا عملی مظاہرہ کیا۔ اور کہا کہ یہ ایک بے ضرر علاج ہے۔ اور نارمل حالات میں تجربے کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خود 30ہزار سے ذائد افراد کا حجامہ کیا ہے لیکن کسی مریض نے یہ نہیں کہا کہ اسے اس علاج سے فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے مثال دے کر کہا کہ چلنے سے معذور‘نیند نہ آنے کے عارضے کا شکار ‘جوڑوں کا درد ‘رکمر کا درد اور دیگر کئی پیچیدہ امراض میں لوگوں کو شفا ملی اور آرام ملا ہے۔ لیکچر کے بعد عوام کے سوالات کے جوابات دئے گئے اور 150سے ذائد افراد کا مرد وخاتون ڈاکٹرس کی ٹیم نے حجامہ کیا۔ جس میں شہر نظام آباد کے کئی معززین اور نوجوانوں نے جوش و خروش سے حصہ کیا۔ ڈاکٹر محمد احسن فاروقی نے ہر مریض سے اس کی کیفیت دریافت کی اور اس کے حساب سے حجامہ کے مقامات طے کرتے ہوئے حجامہ کروایا۔ لیکچر سے قبل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی‘ڈاکٹر سمیع امان‘محمد عبدالعزیز فارن سکریٹری جماعت اسلامی نے طب نبوی کی افادیت اور مسلمانوں میں علوم کے احیاء کی کوشش کی افادیت پر خطاب کیا۔ عوام نے اصرار کیا کہ حجامہ کیمپ مسلسل رکھا جائے اور اس کی بر وقت خاطر خواہ تشہیر کی جائے۔ ڈاکٹر محمد احسن فاروقی نے حیدرآباد میں مریضوں سے ملاقات اور ہر ماہ نظام آباد میں حجامہ کیمپ کے انعقاد کا تیقن دیا ۔ اس کیمپ کے انتظامات مائیکرو لیب کے ذمہ داران سلیم امان اور دیگر نے کئے۔

Hijama / Cupping treatment - lecture in nizamabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں