آندھرا پردیش کی تقسیم پر رپورٹ تیار کرنے حکومت کو ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-20

آندھرا پردیش کی تقسیم پر رپورٹ تیار کرنے حکومت کو ہدایت

تلنگانہ پر تشکیل کردہ وزراتی گروپ کے دوسرے اجلاس نے آج حکومت کو ہدایت دی کہ نئی مجوزہ ریاست تلنگانہ اور سیما ۔ آندھرا کے درمیان آندھرا پردیش کے اثاثہ جات ، پانی ، بجلی اور مالیہ کی تقسیم جیسے مسائل پر تفصیلی رپورٹ تیار کرے۔ وزراتی گروپ نے عوام ، سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے آندھر ا پردیش کی تقسیم کے بارے میں تجاویز حاصل کرنے کے لئے 5نومبر کو آخری تاریخ مقرر کی ہے۔ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اجلاس کی صدارت کی جو ان کے نارتھ بلاک دفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزراتی گروپ کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت یس خواہش کی گئی کہ آندھر ا پردیش کے عہدیداروں سے مشاورت کے ذریعہ مذکورہ امور پر تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے تاکہ اس پر وزراتی گروپ غور کرسکے۔ شنڈے نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگلا اجلاس 7نومبر کو منعقد ہوگا۔ اجلاس میں وزیر فینانس پی چدمبرم ، وزیر صحت غلام نبی آزاد ، وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش اور وزیر پٹرولیم و قدرتی گیاس ایم ویر پا موئیلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں دفتر وزیر اعظم کے مملکتی وزیر وی نارائن سامی خصوصی مدعو کی حیثیت سے موجود تھے۔ اسی دوران تلگو دیسم پارٹی کے 4ارکان پارلیمنٹ این کرشنپا، این سیوا پرساد، کے نارائن راؤ اور ایم وینوگوپال ریڈی نے شنڈے کا اس وقت گھیراؤ کیا جب وزراتی گروپ کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے نارتھ بلاک میں داخل ہورہے تھے۔ انھوں نے ریاست کی تقسیم کے خلاف نعرے لگائے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم جیسے حساس مسئلہ کو ایرکنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھ کر طے نہیں کیا جاسکتا ۔ حقیقی مسئلہ کو سمجھنے وزراتی گروپ کو آندھرا پردیش کا دورہ کرنا چاہئے۔

Telangana GoM asks Govt to prepare assets distribution, boundary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں