گوپی ناتھ راؤ منڈے نے نریندر مودی کی تعریفوں کے پل باندھے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-05

گوپی ناتھ راؤ منڈے نے نریندر مودی کی تعریفوں کے پل باندھے

Gopinath-mundey-praises-Modi
"مسلم نواز" گوپی ناتھ راؤ منڈے نے اپنے حلقہ انتخاب میں نریندر مودی کی تعریفوں کے پل باندھے
اقلیتی طبقہ خاص طور پر مسلمانوں کو حیرت کے ساتھ افسوس کا دھچکا
پاشاہ پٹیل کی "کسان دنڈی" کو دیہاتوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں سے بھی حمایت حاصل ہوئی ۔کسانوں کی فصلوں کے نرخ کے تعلق سے پاشاہ پٹیل کے ذریعے کی جارہی مانگ جائز ہے۔آئندہ انتخابات میں یو پی اے کی سرکار جانے والی ہے اور نریندر مودی آنے والے ہیں۔نریندر مودی کو ملک کے نوجوانوں کی حمایت حاصل ہے۔آج نوجوانوں میں نریندر مودی کی لہر دوڑ رہی ہے۔شرد پوار کہتے ہے کہ مودی ہندوستان کے وزیر اعظم نہیں ہوسکتے تو کیا شرد پوار ہو سکتے ہیں؟۔مودی کا ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر دن بدن پلڑا بھاری ہو رہا ہے۔نریندر مودی بھی وزیر اعظم بن جائینگے اور میں بھی مرکز میں وزیر بنو نگا ۔ اس طرح کا اظہار خیال بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور بیڑ کے ممبر پارلیمنٹ جناب گوپی ناتھ راؤ منڈے نے بیڑ میں کیا ۔جناب گوپی ناتھ راؤ منڈے ایم ایل سی پاشاہ پٹیل کی کسان ریلی کے استقبال میں منعقد پروگرام سے مخاطب تھے۔واضح ہو کہ گذشتہ الیکشن میں گوپی ناتھ راؤ منڈے مسلم طبقہ کی حمایت سے ریکارڈ بریک ووٹوں سے بیڑ لوک سبھا حلقہ سے کامیاب ہوئے تھے۔اس بات کا اعتراف خود گوپی ناتھ منڈے نے بھی کیا تھا۔اپنے آپ کو بیڑ ضلع کے مسلمانوں کا ’مسیحا ‘ ظاہر کرنے والے اور مسلم طبقہ سے نزدیکی اختیار کرنے والے گوپی ناتھ راؤ کی اس طرح بیڑ میں نریندر مودی کی کھل کر ستائش اور تعریفوں کے پل باندھنے سے بیڑ ضلع کے اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کو حیرت کے ساتھ افسوس کا دھچکا لگا ہے۔اپنے آپ کو مسلم دوست بتانے والے گوپی ناتھ راؤ منڈے اپنے ہی حلقہ انتخاب میں مودی کی تعریفیں کر کے مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکے گے تو آئندہ انتخابات کے پس منظر میں اس کے نتیجہ خیز اثرات ہو سکتے ہیں اس طرح کی بات لوگوں میں زیر گفتگو ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ایل سی پاشاہ پٹیل کی کسان ریلی بیڑ کو پہنچنے پر بیڑ کے ممبر پارلیمنٹ اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری گوپی ناتھ راؤ منڈے نے پاشاہ پٹیل کی ریلی کا استقبال کیا اور مانے کمپلیکس کے روبرو منعقد پروگرام میں ایم ایل سی پاشاہ پٹیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے سویا بین اور کپاس کے نرخ میں اضافے کر کے کسانوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کی مانگ کی۔اس موقع پر گوپی ناتھ راؤ منڈے نے پارٹی کارکنان سے مخاطب ہو کر مزید کہا کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔اب نہ کانگریس راشٹروادی کی سرکار اقتدار میں آئے گی اور نہ ہی شرد پوار کو وزارت ملے گی۔اجیت پوارکو مخاطب ہو کر منڈے نے کہا کہ منڈے کو سیاسی طور پر ختم کرنے والا ابھی کوئی پیدا نہیں ہوا ہے۔راشٹروادی کانگریس اقتدار میں ہے،بیڑ ضلع کو اس پارٹی کے دو وزراء ہیں ۔منڈے نے وزیر جئے دت شرساگر اور وزیر سریش دھس کا نام لئے بغیر کہا کہ ان وزراء نے بیڑ ضلع کے لئے کیا کیا ؟۔ میں نے کیا کیا اس بات کا حساب مت کیجئے آپ نے کیا کیا یہ بتائے۔ممبئی میں پانی کے لئے احتجاج کرنے والے دیشمکھ کو ’پیشاب ‘ کی بات کرنے والے اجیت پوار اورراشٹر وادی کانگریس کو میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنی پارٹی کی گھڑی کی نشانی بدل کر’پیشاب کی اجازت کے لئے استعمال ہونے والی‘ ہاتھ کی چوتھی انگلی کی نشانی رکھ لیں۔ اس موقع پر منڈے نے بیڑ ضلع کے لئے ان کے ذریعے کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کو گنایا۔
تنازعہ کا شکار چل رہی بیڑ ڈی سی سی بینک کے تعلق سے منڈے نے کہا کہ جن لوگوں پر کروڑوں کے قرض ہیں ایڈیشنل کلکٹر (منتظم بینک ) ان لوگوں کو چھوڑ کر غریب اور چھوٹے قرض داروں پر گناہ درج کر رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔اگر واقعی ’فرض شناسی ‘ سے کام لے رہے ہو توان لوگوں کو بھی گرفت میں لو جنھوں نے کروڑوں روپئے قرض لیکر اب تک نہیں چکایا ہے۔اس پروگرام میں گووند کیندرے،بی جے پی ضلع صدررمیش پوکلے،سرجے راؤ تاندڑے و دیگر لیڈران اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے ۔

Gopinath mundey praises Narendra Modi

1 تبصرہ: