مسلم نوجوانوں کو ہراسانی - شنڈے کا مکتوب قابل ستائش - سی پی آئی جنرل سکریٹری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-07

مسلم نوجوانوں کو ہراسانی - شنڈے کا مکتوب قابل ستائش - سی پی آئی جنرل سکریٹری

ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی ( سی پی آئی) نے دہشت گردی کے نام پر بے قصور مسلم نوجوانوں کی بیجا گرفتاری اور پولیس کے ذریعہ انہیں بلا وجہ پریشان کرنے کی کارروائی کو روکنے سے متعلق تمام وزرائے اعلی کو مرکزی وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے کے ذریعہ بھیجے گئے حالیہ مکتوب کو قابل ستائش قدم قرار دیا ہے۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے آج یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے واقعات روشنی میں آئے ہیں کہ دہشت گردی کے الزام میں بہت سے مسلم نوجوانوں کو برسوں کی جیل صعبتوں اور پولیس کی اذیتوں سے گزرنے کے بعد ہندوستان کی عدلیہ نے انہیں بے قصور قرار دیا ہے جبکہ اس دوران ایسے بے قصور نوجوانوں کا کیر یر تباہ ہوجاتا ہے ور جب تک وہ بے قصور ثابت نہیں ہوجاتے ہیں تب تک ان کے گھر والوں کو ہمار ا سماج مشکوک نظروں سے دیکھتا ہے اور وہ سماج کے سامنے شرمندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے الزام میں بے قصور نوجوانوں کو پکڑنے والے پولیس افسروں کو سزا دینے کا التزام ہونا چاہئے تاکہ پولیس والوں کو اپنے فرض کے تئیں ذمہ دار بنا یا جاسکے اور پولیس افسران محض خانہ پری کرنے اور کیس حل کرلینے کا دعوی کرنے کی غرض سے آئندہ ایسی گرفتاریا ں نہ کریں۔ راجستھان اور دہلی کے انتخابی نتائج کی پیش گوئی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دونوں ریاستوں میں دونوں پارٹیوں کی برابر کی لڑائی ہے جبکہ میزورم میں بی جے پی کا کوئی اثر نہیں ہے۔ بد عنوان عوامی نمائندوں کو بچانے سے متعلق آر ڈی ننس کے سلسلے میں مسٹر سدھاکر ریڈی نے کہا کہ راہل کا موقف صحیح تھا لیکن بات کہنے کا انداز غلط تھا۔ ان کی پارٹی بھی سیاست میں جرائم کی آمیزش کو روکنے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی زبر دست انتخابی مہم چلا رہی ہے مگر اسے اس میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ ملک میں 70فیصد لوگ ایسے ہیں جن کی کمپیوٹر اور سوشل میڈیا تک رسائی نہیں ہے جبکہ سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والوں میں نصف بی جے پی کے ہی ہیں جو خوب پیسہ خرچ کرکے پارٹی کی تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔

CPI(M) backs Shinde over letter on unlawful detention of Muslim

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں