Prof. S.A. Shukoor appointed as special officer of Hajj Committee
حکومت نے حج2013ء کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کو حج کمیٹی کااسپیشل آفیسر مقرر کیاہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود احمدندیم نے آج احکامات جاری کئے۔ 23؍ستمبر سے حج ہاؤز میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے حج کیمپ کا آغازہوگا اور25ستمبر سے سعودی عرب کیلئے پروازیں شروع ہوں گی۔ 9؍اکتوبر کو آخری پرواز رہے گی۔اس وقت تک حج کیمپ کے دوران عازمین حج کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اضافی ذمہ داری کے طورپر پروفیسر ایس اے شکور کو اسپیشل آفیسر مقرر کیاگیاہے۔ وہ ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید اور حج کمیٹی کے دیگر عہدیداروں کی اعانت سے حج کیمپ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ احکامات میں کہاگیاہے کہ اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے وہ حج کیمپ کے انتظامات کی تفصیلات سے وقتاًفوقتاًحکومت کو واقف کرائیں گے۔ واضح رہے کہ پروفیسر ایس اے شکور نے سابق میں ایگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دی اور بلڈنگ سلیکشن کمیٹی رکن کی حیثیت سے مکہ مکرمہ میں ہندوستانی عازمین حج کی ایک رہائشی انتآمات کو قطعیت دینے میں اہم رول ادا کیاتھا۔ حکومت نے حال ہی میں عازمین حج کے انتظامات کے ٹنڈرس کی قطعیت کی ذمہ داری بھی انہیں سونپی تھی۔ پروفیسر ایس اے شکور سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائنارٹیز کے بھی ڈائرکٹر ہیں۔ انہوں نے احکامات کی اجرائی کے فوری بعد اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اپنے تقرر پر ریاستی حکومت سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ وہ عازمین حج کی خدمات اور رہبری کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ عازمین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ حج کیمپ کو کامیاب بنانے اور عازمین کی منظم و پرسکون انداز میں روانگی کو یقینی بنایاجائے گا۔ ان کوعازمین حج کی خدمت کی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ ان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے حج کمیٹی کے ایکزیکٹیو آفیسر اور اسٹاف کے علاوہ دیگر افراد واداروں کے تعاون سے حج کیمپ کو کامیاب بنایاجائے گا۔ پروفیسر شکو رنے وزیراقلیتی بہبود جناب احمداللہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ان سے حکومت نے جو توقعات وابستہ کی ہیں وہ انہیں پورا کریں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں