Muzaffarnagar riots: Muslim groups demand dismissal of Samajwadi Party govt
کئی مسلم تنظیموں نے اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی حکومت کو برطرف کرنے اور ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر اکھلیش یادو مظفر نگر اور نواحی علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔ جمعیت العلماء ہند کے مرکزی دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مسلم تنظیموں کے قائدین نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی حکومت ابتر صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے اکھلیش یادو کے اس دعویٰ کو مسترد کردیاکہ فسادات اپوزیشن جماعتوں کی سازش کانتیجہ ہے اور کہاکہ کسی بھی علاقہ میں اپوزیشن جماعتیں حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے یا بدنام کرنے کیلئے اگرفرقہ وارانہ تناؤ اور امن وضبط کا مسئلہ پیدا کرتی ہیں تو برسراقتدار پارٹی کا یہ فرض ہوتاہے کہ وہ امن وضبط کی صورتحال کو برقرار کھے، لیکن اکھلیش یادو کی حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے اس لئے یہ حکومت اقتدار کے بنیادی حق سے محروم ہوچکی ہے۔ مسلم قائدین نے الزام عائد کیاکہ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں گذشتہ دو برسوں سے فرقہ وارانہ فسادات کے105واقعات پیش آچکے ہیں۔ اس سے حکومت کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند، داکٹر سید قاسم رسول الیاس رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا نصرت علی جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں آل انڈیا مجلس مشاورت، ڈاکٹر تسلیم رحمانی صدر ملی پولیٹیکل کونسل آف انڈیا شامل ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں