ممبئی سے عازمین حج کے پہلے قافلے کی 25 ستمبر کو روانگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-13

ممبئی سے عازمین حج کے پہلے قافلے کی 25 ستمبر کو روانگی

mumbai hajj committee
ممبئی سے عازمین کرام کا پہلا قافلا 25ستمبر کو کعبۃ اللہ کے لئے روانہ ہوگا اور اس متعلق حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام تیاریاں مکمل کرلینے کا دعویٰ کیاہے۔ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شامیانہ بھی تیارکرلیاگیاہے اور حجاج کرام کو وبائی امراض، دماغی بخار اور دیگر جراثیم کش ٹیکے بھی دیئے جارہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حج ہاؤس کے ہال میں یکم ستمبر سے ٹیکے لگانے کا عمل جاری ہے اور اب تک1500عازمین کرام کو ٹیکے لگائے گئے ہیں، ٹیکے لگانے کے بعد عازمین کرام کو ایک سرٹیفکیٹ بھی دیاجاتا ہے جو سعودی عرب میں ان کے کام آتاہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایکزیکٹیو افسر عطاء الرحمن نے بتایاکہ عازمین حج فلائٹ سے دوروز قبل حج کمیٹی آف انڈیا سے رابطہ کریں یایہاں آکر حج کمیٹی کو باخبرکریں بصورت دیگر اگر حجاج کی فلائٹ کسی وجہ سے چھوٹ جاتی ہے یا وہ قصداً فلائٹ چھوڑ دیتے ہیں تو اس کا کرایہ عازم سے ہی وصول کیاجائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ عازمین حج کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ ممبئی میں بھی شروع ہوچکا ہے، مہاراشٹراکے دیگر اضلاع کے عازمین ممبئی آتے ہیں اور یہاں سے انہیں بیت اللہ کیلئے روانہ کردیاجاتاہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا میں ائیر انڈیا ائیر چارٹر انچارج حشمت پرکار نے بتایاکہ حج سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور فلائٹ کے شیڈول میں کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں ہوگا اس لئے حجاج کرام اس کا خیال رکھیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ بین الاقوامی ائیر پورٹ پر عازمین حج کی سہولت کیلئے شامیانہ بھی تیار کرلیا گیاہے اور اس شامیانہ میں عازمین کرام کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہے، ان کی رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پورے ملک میں9اکتوبر کو حج آپریشن یعنی فلائٹوں کی روانگی کا عمل ختم ہوجائے گا۔ بیت اللہ شریف میں عازمین کرام کیلئے کئی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا امسال بھی عازمین کرام کو سعودی عربیہ کاسم کارڈ فراہم کرے گی۔ یہ کارڈ عازمین کو ممبئی میں ہی فراہم کردیئے جائیں گے۔ حرم پاک کی توسیعی پروجیکٹ کے سبب امسال حجاج کرام کیلئے عمارتوں کے کرایہ پر حاصل کرنے میں حج کمیٹی کو کافی دشواریوں کاسامناکرنا پڑا۔ جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا سعودی عربیہ میں ہی تعمیراتی پروجیکٹ شروع کرکے یہاں کرایہ پر عمارت حاصل کرنے کی بھی کوشش کررہی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے ملی اطلاع کے مطابق7 ستمبر سے عازمین کرام کا بیت اللہ شریف کیلئے قافلہ روانہ ہونے کاسلسلہ شروع ہوچکاہے۔ کولکاتہ، منگلور، گوااور دہلی ،لکھنو، گوہاٹی،پٹنہ، رانچی، حیدرآبادسمیت بنگلور، جئے پور سے عازمین کے قافلوں کو الوداع کہاجارہاہے۔

mumbai caravan of hajj pilgrims departing on September 25

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں