سعودی عرب کا 83 واں یوم تاسیس - مملکت ترقی کی راہ پر گامزن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-24

سعودی عرب کا 83 واں یوم تاسیس - مملکت ترقی کی راہ پر گامزن

مملکتِ سعودی عرب کا کل 83واں یومِ تاسیس منایاگیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے۔ شاہ فیصل سنٹر برائے تحقیقات اور اسلامی مطالعات کے سربراہ ترکی الفیصل نے کہاکہ مملکتِ سعودی عرب اسلامی اقدار اور اصولوں پر قائم ہے۔ ترقی اس کا نصب العین ہے اور عدل و انصاف حکمرانی کا بنیادی اصول۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی باشعور اورجرأتمندقیادت میں مملکت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سعودی مملکت ہمیشہ سے ہی حکومتِ اسلامیہ کی علمبردار رہی ہے۔ امت مسلمہ کی دامے درمے سخنے ہر ممکن مدد کرنا مملکت کی روایت رہی ہے۔ آج شاہ عبداللہ کی قیادت میں سعودی مملکت مختلف شعبہ جات میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ سیاسی، سائنسی، معاشی،طبی، صنعتی اور دیگر شعبہ جات میں سعودی مملکت نے گرانقدر بلکہ حیرتناک کارنامے انجام دیئے ہیں۔ حرمین شریفین کی توسیع، اس کے اولوالعزم منصوبوں میں سب سے بڑا منصوبہ رہاہے۔ اس کے نتیجہ میں عازمین حج اور عمرہ کو بہترین سے بہترین خدمات میسر ہورہی ہیں۔ تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے کہاہے کہ سعودی عرب اسلامی دنیا کے اتحاد کا سب سے بڑا حامی اور مؤید ملک ہے اور وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی باشعور قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے سعوی دعرب کے تراسویں قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ عبداللہ کی قیادت میں مملکت میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی اور خوشحالی کو سراہا اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عوام کی خوشحالی کیلئے اختیار کردہ پالیسیوں کی بدولت سعودی مملکت کو علاقائی اور عالمی سطح پر اہم مقام حاصل ہوچکا ہے۔ پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے خاص طورپر شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مسلمہ امہ کی مخلصانہ، فراخدلانہ اورغیر متزلزل حمایت کو سراہا اور کہاکہ سعودی مملکت عرب دنیا کے خیرخواہ کے طورپر اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ "سعودی عرب نے مشکلات کا شکار اسلامی ممالک کی امداد کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ اس کا اندازہ سعودی عرب کی جانب سے صومالی عوام کے لئے شروع کئے گئے امدادی منصوبوں سے کیاجاسکتاہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے حالیہ مہینوں کے دوران بحران کا شکار شام، مصر اور فلسطینیوں کو کروڑوں ڈالرز کی امداد دی ہے۔

Saudi Arabia commemorates 83rd Nat''l Day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں